• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائوتھ لندن ، پُرجوش ہیڈ ٹیچرکا غیر رجسٹرڈ سکول کھلے رکھنے کا عزم

لندن ( پی اے) ایک غیر رجسٹرڈ سکول، جس کے خلاف غیر قانونی آپریٹنگ پر قانونی کارروائی کی گئی تھی، اس کی ہیڈ ٹیچرنے کہا ہے کہ ان کا نقطہ نظر شاندارہے اور سکول کھلا رہےگا۔ سٹریٹ ہام میں ایمبسیڈرز ہائی اسکول کی نادیہ علی، جن کو ایک انسپیکشن میں ’’جان بوجھ‘‘ کر حفاظت میں غفلت کا مرتکب قرار دیا گیا تھا، گزشتہ ماہ کمیونٹی سروس کا حکم دیا گیا تھا۔ انہوں نے شاگردوں کو ’’ہیپی لرنرز‘‘ قرار دیتے ہوئے اس بات سے انکار کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے، کیونکہ اب وہ ہفتہ میں 18 گھنٹہ کھلتا ہے۔ انہوں نے آفسٹیڈ سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر رجسٹرڈ سکولوں سے ڈیل کے لئے قانون سازی میں بہتری لائے۔ قانون کے مطابق کوئی بھی تعلیمی ادارہ، جس میں پانچ سے زائد کل وقتی شاگرد ہوں، اسے سرکاری طور پر رجسٹر اور اس کا انسپیکشن کیا جاتا ہے۔ حکومت کی گائیڈ لائنز میں تشریح کی گئی ہے کہ فی ہفتہ 18 گھنٹہ سے زائد کل وقتی تعلیم کہلائے گی۔ سائوتھ لندن میں واقع سکول، جو خود کو اسلامی اخلاق کا علمبردار سمجھتا ہے، نے کہا کہ وہ شاگردوں سے 2500پونڈز سالانہ چارج کرتا ہے اور اس کے آخری انسپیکشن کے وقت سکول میں 45 بچے رول پر تھے۔ محترمہ علی نے بی بی سی کے ٹوڈے اینڈ وکٹوریہ پروگرامز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سکول بدستور کھلا ہوا ہے، کیونکہ اس کا بچوں کے ساتھ کام’’انتہائی شاندار‘‘ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں15 سال سے تعلیم دے رہی ہوں اور میں دیکھ چکی ہوں کہ بچوں کو کس طرح مختلف اپروچ کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ کہ ہم ایمبسیڈرز پر وہی کچھ فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ محترمہ علی نے کہا کہ وہ آئندہ چند ہفتوں میں سکول کو رجسٹر کرانے کی درخواست کیلئے پیپر ورک مکمل کر رہی ہیں۔ وزیر تعلیم لارڈ اگنیو نے کہا ہے کہ مذکورہ سکول غیر قانونی اور غیر محفوظ ہے اور ایسا سکول چلانے والے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سکول جز وقتی انتظامات کے تحت چلایا جا رہا ہے۔ بچوں کو محفوظ رکھنا یقینی بنانے کیلئے ان کے پاس بہت سے قانونی اختیارات ہیں۔
تازہ ترین