ہمارے ہاں دالیں بہت شوق سے کھائی جاتی ہیں۔طرح طرح کے نئے نئے کھانوں کے باوجود آج بھی دالیں اتنے ہی ذوق و شوق سے گھروں میں بنائی جاتی ہیں۔دالیں آئرن کا خزانہ سمجھی جاتی ہیں۔ ان میں پروٹین کی وافر مقدار ہونے کی وجہ سے گوشت کے متبادل استعمال کیا جاتاہے۔
ایک تحقیق کے مطابق دالوں کا باقاعدہ استعمال بلڈ پریشر بڑھنے سے روکتا ہے یہ خون بھی صاف کرتی ہیں۔ ان میں موجود فائبر،وٹامن اور منرلز کی وجہ سے انہیں دل کی صحت کے لیے بہترین قرار دیا جاتا ہے ۔وزن کم کرنے کے لیے بھی دالوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔انہیں روٹی اور چاول دونوں کے ہمراہ سرو کیا جاتا ہے۔دال چاول اچار،چٹنی اور سلاد کے ساتھ خوب ذائقہ دیتے ہیں۔طرح طرح کی مزیدار دالوں کی تراکیب ملاحظہ کریں۔
راجھستانی دال
اجزاء۔
چنے کی دال۔ آدھا کپ (بھیگی ہوئی)
مونگ کی دال۔ آدھا کپ (بھیگی ہوئی)
اڑڑکی دال ۔آدھا کپ (بھیگی ہوئی)
ماش کی دال۔ آدھا کپ (بھیگی ہوئی)
مسور کی دال۔ آدھا کپ (بھیگی ہوئی)
پانی۔ تین سے چار کپ
ٹماٹر۔ ایک سے دو عدد
لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (پسی ہوئی)
ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ
لہسن ادرک کا پیسٹ۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ
نمک۔ حسبِ ذائقہ
ثابت لال مرچ۔ آٹھ سے دس عدد
سفید زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ
لونگ۔ دو سے تین عدد
دار چینی کے ٹکڑے۔ دو عدد
ہری مرچ۔ چار عدد (فرائی کی ہوئی)
لہسن۔ ایک چائے کا چمچ
تیز پتے۔ چار سے پانچ عدد
تیل۔ حسبِ ضرورت
ترکیب۔
پہلے ایک برتن میں دالوں کو پانی میں بھیگو دیں۔
پھر برتن میں دال، پانی، ٹماٹر، پسی لال مرچ، ہلدی اور لہسن ادرک کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔
پھر اس کو ہلکا سا بلینڈ کر لیں۔
پھر اس میں نمک ڈال کر پکالیں۔
اب اس کو ڈش آؤٹ کر لیں۔
پھر ایک پین میں تیل، ثابت لال مرچ، زیرہ، سفید زیرہ، لونگ، دار چینی، ہری مرچ، تیز پتے اور لہسن ڈال کر بگھار لگا لیں۔
اب اس کو ڈش میں ڈال کر سرو کریں۔
چٹوری دال
اجزاء۔
چنے کی دال۔ ایک سو پچاس گرام ﴿اُبلی ہوئی
تیل۔ آدھا کپ
ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ
رائی دانہ ۔آدھا چائے کا چمچ
کلونجی۔ آدھا چائے کا چمچ
میتھی دانہ۔ آدھا چائے کا چمچ
سونف۔ ایک چائے کا چمچ ﴿کٹی ہوئی
زیرہ۔ ایک کھانے کا چمچ ﴿کٹا ہوا
دھنیا ۔ایک کھانے کا چمچ ﴿کٹا ہوا
پیاز ۔ایک عدد ﴿درمیانی، باریک کٹی ہوئی
ٹماٹر۔ تین عدد ﴿اُبلے اور کٹے ہوئے
لوکی۔ ایک عدد ﴿درمیانی
املی کا پیسٹ ۔ایک چوتھائی کپ
کڑی پتا ۔ایک عدد
ہلدی ۔ایک چائے کا چمچ
نمک۔ حسبِ ذائقہ
لال مرچ ۔ایک چائے کا چمچ ﴿کٹی ہوئی
لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ ﴿پسی ہوئی
پانی ۔ایک کپ
آم کا اچار۔ پچاس گرام
ہرا دھنیا ۔ایک چوتھائی گٹھی
ہری مرچ۔ تین سے چار عدد ﴿موٹی
ترکیب۔
پہلے ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے ادرک لہسن کا پیسٹ، رائی دانہ، کلونجی، میتھی، سونف، زیرہ اور دھنیا ڈال کر چند سیکنڈ کے لیے بھون لیں۔
پھر اس میں پیاز شامل کرکے اتنا پکائیں کہ وہ اچھی طرح نرم ہو جائے۔
ساتھ میں ٹماٹر، لوکی اور املی کا پیسٹ شامل کر دیں۔
ایک سے دو منٹ تک بھوننے کے بعد اس میں کڑی پتا، ہلدی، نمک، کٹی لال مرچ، پسی لال مرچ اور پانی شامل کر دیں۔
ایک سے دو منٹ تک پکانے کے بعد اُبلی ہوئی چنے کی دال شامل کرکے ڈھک کر دَم پر پکنے دیں۔
آٹھ سے دس منٹ بعد ڈھکن ہٹا کر آم کا اچار، ہرا دھنیا اور ہری مرچ شامل کرکے آنچ تیز کرکے بھونیں اور گرم گرم سرو کریں۔
چکن اور مسور کی دال کا دالچہ
اجزاء۔
چکن ۔ایک عدد (چودہ ٹکڑے)
پیاز ۔دو عدد (باریک کٹی ہوئی)
ادرک لہسن کا پیسٹ ۔ایک کھانے کا چمچ
ہلدی ۔ایک چائے کا چمچ
نمک۔ حسبِ ذائقہ
لال مرچ ۔ایک کھانے کا چمچ (پسی ہوئی)
تیل ۔ایک پیالی
مسور کی دال۔ ایک پیالی
ٹماٹر۔ تین عدد (باریک سلائس کی ہوئی)
ہری مرچ ۔چار عدد
کڑی پتے۔ چند عدد
دار چینی ۔ایک چائے کا چمچ (بھنی اور پسی ہوئی)
ترکیب۔
ایک دیگچی میں چکن کے ٹکڑے، پیاز، دو پیالی گرم پانی، ادرک لہسن کا پیسٹ، ہلدی، نمک، پسی لال مرچ اور تیل ڈال کر پکنے دیں۔
اب مسور کی دال کو الگ سے اُبالیں۔
جب وہ گل جائے تو بلینڈر میں پیس لیں۔
چکن کا پانی خشک ہو جائے تو ٹماٹر ڈال کر ہلکا سا بھونیں اور دال شامل کردیں۔
ساتھ میں ہری مرچ اور چند کڑی پتے ڈال کر دم پر رکھ دیں۔
پانچ منٹ بعد دار چینی شامل کرکے مزید پانچ منٹ دم دیں۔
اس کے بعد مزے دار دال مسور اور چکن کا دالچہ گرم گرم سادے چاولوں کے ساتھ سرو کریں۔
پنجابی دال پالک
اجزاء۔
چکن۔ ایک عدد (چودہ ٹکڑے)
پیاز۔ دو عدد (باریک کٹی ہوئی)
ادرک لہسن کا پیسٹ ۔ایک کھانے کا چمچ
ہلدی ۔ایک چائے کا چمچ
نمک۔ حسبِ ذائقہ
لال مرچ ۔ایک کھانے کا چمچ (پسی ہوئی)
تیل ۔ایک پیالی
مسور کی دال۔ ایک پیالی
ٹماٹر۔ تین عدد (باریک سلائس کی ہوئی)
ہری مرچ۔ چار عدد
کڑی پتے۔ چند عدد
دار چینی۔ایک چائے کا چمچ (بھنی اور پسی ہوئی)
ترکیب۔
ایک دیگچی میں چکن کے ٹکڑے، پیاز، دو پیالی گرم پانی، ادرک لہسن کا پیسٹ، ہلدی، نمک، پسی لال مرچ اور تیل ڈال کر پکنے دیں۔
اب مسور کی دال کو الگ سے اُبالیں۔
جب وہ گل جائے تو بلینڈر میں پیس لیں۔
چکن کا پانی خشک ہو جائے تو ٹماٹر ڈال کر ہلکا سا بھونیں اور دال شامل کردیں۔
ساتھ میں ہری مرچ اور چند کڑی پتے ڈال کر دم پر رکھ دیں۔
پانچ منٹ بعد دار چینی شامل کرکے مزید پانچ منٹ دم دیں۔
اس کے بعد مزے دار گرم گرم دال مسور اور چکن کا دالچہ چاولوں کے ساتھ سرو کریں۔
چکن ریشمی دال
اجزاء۔
چکن لیگ پیس ۔آدھا کلو
تیل ۔حسبِ ضرورت
ادرک لہسن کا پیسٹ ۔دو کھانے کے چمچ
نمک۔ حسبِ ذائقہ
دھنیا۔ ایک چائے کا چمچ ﴿پسا ہوا
زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ ﴿پسا ہوا
سونف۔ ایک چائے کا چمچ ﴿پسی ہوئی
کھڑا گرم مصالحہ۔ حسبِ ضرورت
لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ ﴿کٹی ہوئی
خشک میتھی ۔ایک چائے کا چمچ
پانی ۔آدھا کپ
دال کے لئے:
مونگ دال۔ پچاس گرام
مسور دال ۔پچاس گرام
تیل ۔تین کھانے کے چمچ
پیاز۔ ایک عدد ﴿درمیانی
ہلدی۔ ایک چائے کا چمچ
گرم مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ ﴿پسا ہوا
پانی ۔ایک سے ڈیڑھ کپ
نمک ۔حسبِ ذائقہ
املی کا پیسٹ ۔دو کھانے کے چمچ
ہرا دھنیا۔ دو کھانے کے چمچ ﴿کٹا ہوا
فریش کریم۔ چار کھانے کے چمچ
ترکیب۔
سب سے پہلے پین میں مونگ دال، مسور دال، تیل، پیاز، ہلدی، گرم مصالحہ، پانی، نمک اور املی کا پیسٹ پکنے کے لیے رکھ دیں۔
اس کے بعد کڑاہی میں چار کھانے کے چمچ تیل گرم کرکے ادرک لہسن کا پیسٹ اور چکن شامل کرکے اتنا پکائیں کہ چکن کا رنگ اچھی طرح سے تبدیل ہو جائے۔
پھر اس میں نمک، دھنیا، زیرہ، سونف، لال مرچ، خشک میتھی، چار کھانے کے چمچ تیل، کھڑا گرم مصالحہ اور پانی شامل کرکے ڈھک کر پکنے کے لیے چھوڑ دیں۔
آٹھ سے دس منٹ بعد چکن کا چولہا بند کردیں۔
اب دال کو چیک کریں۔
جب دال اچھی طرح سے پک جائے تو اسے بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح سے پیسٹ بنالیں۔
پھر یہ پیسٹ چکن میں شامل کرکے چولہا تیز کرکے بھون لیں۔
فریش کریم اور ہرا دھنیا بھی شامل کر دیں۔
جب گریوی اچھی طرح سے گاڑھی ہو جائے تو نکال کر سرو کریں۔
دال کے کوفتے
اجزاء۔
چنے کی دال۔ ایک پیالی
چکن فلے۔ ایک عدد ﴿بون لیس
دھنیا ۔ایک کھانے کا چمچ ﴿ثابت
سفید زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ
لہسن کے جوئے۔ چھ عدد ﴿چھلے ہوئے
ادرک ۔ایک چھوٹا ٹکڑا
لال مرچ۔ چار عدد ﴿ثابت
ڈبل روٹی کے سلائس ۔دو سے تین عدد
ہری مرچ۔ چھ عدد ﴿باریک کٹی ہوئی
ہرا دھنیا ۔آدھی گٹھی ﴿باریک کٹا ہوا
پودینہ ۔آدھی گٹھی ﴿باریک کٹا ہوا
گرم مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ
نمک ۔حسب ِذائقہ
تیل ۔حسب ِضرورت
سالن کے لیے:
پیاز ۔تین عدد ﴿باریک کٹی ہوئی
تیل۔ ایک پیالی
دہی ۔آدھی پیالی
ہلدی ۔ایک چائے کا چمچ
گرم مصالحہ۔ ایک چائے کا چمچ ﴿پسا ہوا
لال مرچ ۔ایک کھانے کا چمچ ﴿پسی ہوئی
ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ
دھنیا ۔دو کھانے کے چمچ ﴿پسا ہوا
ترکیب۔
چنے کی دال اچھی طرح سے دھوکر چکن، ثابت دھنیا، سفید زیرہ، نمک، لہسن کے جوئے، ادرک اور ثابت لال مرچ ڈال کر اُبال لیں۔
خیال رہے کہ دال گلی ہوئی اور بکھری بھی رہے۔
جب وہ اُبل جائے تو ڈبل روٹی کے سلائس ملاکر چوپر میں پیس لیں۔
اب اس میں ہری مرچ، ہرا دھنیا اور پودینہ ملاکر کوفتے بنالیں۔
اب دیگچی میں تیل ڈال کر پیاز گولڈن براؤن کرکے نکال لیں اور خستہ کر لیں۔
پھر تیل میں دہی، پیاز، ہلدی، گرم مصالحہ، لال مرچ، نمک، ادرک لہسن کا پیسٹ اور دھنیا ڈال کر ہلکا سا بھون لیں۔
اس کے بعد تیار کیے ہوئے کوفتے الگ فرائنگ پین میں تَل کر مصالحے میں ڈال دیں اور کپڑے سے پکڑ کر پانچ منٹ بھونیں۔
پھر ایک پیالی گرم پانی ڈال دیں۔
تھوڑی دیر دم پر رکھ کر ہرا مصالحہ ڈال دیں۔
گرم گرم چپاتی اور سادے چاولوں کے ساتھ سرو کریں۔