• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوکا ورلڈ کپ فٹ بال میں پاکستانی ٹیم اپنا آخری میچ بھی ہار گئی، قومی ٹیم نے ایونٹ میں پانچ میچز کھیلے اور اسے پانچوں میں شکست کا سامناکرنا پڑا۔

آخری میچ میں ہنگری نے قومی ٹیم کو باآسانی 4-1 سے زیر کیا۔ پاکستانی ٹیم گروپ ایچ میں شامل تھی، ہنگری نے پہلی، سیلووانیا نے دوسری پوزیشن کے ساتھ اگلے مرحلہ میں جگہ حاصل کرلی جبکہ دفاعی چیمپئن جرمن ٹیم دو مسلسل شکست کے بعد ایونٹ سے آؤٹ ہوگئی۔

گروپ میں رومانیہ نے چوتھی اور پاکستان نے سب سے آخری پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان کے خلاف ہنگری کی ٹیم نے دونوں ہاف میں 2،2 گول اسکور کئے۔ ایونٹ میں پاکستان کے ٹاپ اسکورر 17سالہ محمد وحید رہے جنھوں  نے پاکستان کی جانب سے ہونے والے 4 میں سے 3گول کئے۔

وہ زخمی ہونے کی وجہ سے ہنگری کے خلاف میچ میں شرکت نہ کرسکے۔

ایونٹ میں ہفتے کو چار پری کوارٹر فائنلز اور 4 کوارٹر فائنلز جبکہ اتوار کو سیمی فائنلز، تیسری پوزیشن کا میچ اور فائنل کھیلا جائے گا۔

دی لیژر لیگز اسٹیڈیم، کریٹ میں ہنگری نے پاکستان کے خلاف چھٹے منٹ میں بیلاز ہولر کے ذریعہ پہلا گول کیا۔ جسے شہاب رضا نے 17ویں منٹ میں 1-1 سے برابری میں تبدیل کردیا۔ تاہم پونکاک نے 20ویں منٹ میں خوبصورت گول بنا کر ایک بار پھر ہنگری کو 1-2 سے برتری دلادی۔

وقفے پر پاکستان ٹیم 2-1 کے خسارے میں تھی۔ دوسرے ہاف میں ہنگری کے کھلاڑیوں نے مزید 2 گول کئے۔ بینزبوگنر نے 31ویں منٹ میں گول کرکے اسکور 1-3 کردیا۔ چوتھا اور آخری گول 3منٹ بعد رچرڈ ریبولڈ نے کیا۔

قبل ازیں کھیلے گئے میچوں میں مالدووا نے بھارت کو 2-3، برازیل نے الجیریا کو 0-3، میکسیکو نے مصر کو 0-6، کولمبیا نے ترکی کو 1-4، یوروگوائے نے ارجنٹائن کو 0-3 اور فرانس نے آئرلینڈ کو 0-7سے مات دی۔

تازہ ترین