• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائمہ کمیٹی برائے امورکشمیرکا اجلاس،صرف 6 سینیٹرز کی شرکت

اسلام آباد (بلال عباسی) پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے باوجود سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان کے اجلاس میں 13سینیٹر ارکان میں سے صرف 6 ارکان نے شرکت کی جبکہ وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان بھی اجلاس میں نہ آئے، کمیٹی نے وزارت خارجہ کے افسران کو طلب کر رکھا تھا تاہم وہ بھی اجلاس میں شریک نہ ہوئے۔ بدھ کو سینیٹ کمیٹی کے اجلاس میں 13 سینیٹرز میں سے صرف 6 سینیٹرز نے شرکت کی، اجلاس میں کمیٹی چیئرمین سینیٹر پروفیسر ساجد میر، سینیٹر عبد الرحمن ملک، سینیٹر نگہت مرزا، سینیٹر شاہین خالد بٹ، سینیٹر سراج الحق، سینیٹر نجمہ حمید نے شرکت کی جبکہ سینیٹر راجہ ظفر الحق، سینیٹر لیاقت خان تراکئی، سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم، سینیٹر لیفٹنٹ جنرل ر صلاح الدین ترمزی، سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر، سینیٹر میر کبیر احمد شاہی اور سینیٹر سلیم ضیاء شریک نہ ہوئے۔ کمیٹی اجلاس کیلئے صرف دو نکاتی ایجنڈا رکھا گیا تاہم وزارت خارجہ کے افسران کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کے باعث اس ایجنڈے پر بھی بحث نہ ہو سکی۔ اجلاس کے دوران سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ وزیر خارجہ کو اجلاس میں طلب کیا جائے اور ان
سے استفسار کیا جائے کہ پاکستانی حکومت نے کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کے خاتمے کیلئے اقوام متحدہ کو کتنی بار خطوط لکھے ہیں، جس پر کمیٹی ممبر سینیٹر نگہت مرزا نے کہا کہ وزارت خارجہ کے افسران تو آتے نہیں وزیر خارجہ کیسے آئینگے، جس پر کمیٹی چیئرمین سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ ہم بلا ہی سکتے ہیں۔ اجلاس کے دوران کمیٹی ممبران نے جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کی میرپور زلزلے کے متاثرین کی بہترین امداد کرنے پر الخدمت فاؤنڈیشن کو سراہا۔
تازہ ترین