ملتان (سٹاف رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے حبس بے جا کی درخواست میں ایس ایچ او تھانہ نیو ملتان کو حکم دیا ہے کہ مغوی محمد اعجاز کو قبضہ گروپ سے بازیاب کراکے 21 اکتوبر کو عدالت پیش کریں، فاضل عدالت میں محمد الیاس نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ اس کے بھائی اعجاز کو بودلہ ٹائون سے 4 مسلح افراد نے اغوا کیا بعد میں انہوں نے پنچائیت میں تسلیم کیا کہ مغوی اعجاز ان کے پاس ہے اور وہ اسے چھوڑ دیں گے مگر تھانہ نیو ملتان نے ان کی شکایت پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا ، دریں اثناہائیکورٹ نے عدالت کے حکم پر بازیاب ہونے والی خاتون کے شوہر کو ہراساں و پریشان کرنے سے متعلق درخواست پر راجن پورپولیس اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اختیارات سے تجاوز نہ کریں اور قانون کے دائرے میں رہیں، عدالت میں محمد اقبال نے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ عدالت کے حکم پر بیوی کو روجھان کے علاقے سے برآمد کیا گیا جسے ایئر پورٹ روڈ رحیم یار خان سے اغوا کیا گیا تھا پولیس نے اغواء کنندگان کیخلاف کارروائی کے بجائے مدعی کو ہراساں کرنا شروع کر دیا ہے۔