• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے تجویز کردہ 80 فیصد اقدامات کرلیے

وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے پاکستان کے نام کے اخراج کے لیے پُر امید ہیں اور جنوری سے ستمبر تک پاکستان کے اقدامات کی فہرست بھی جاری کردی۔ 

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں حماد اظہر نے بتایا کہ ایف اے ٹی ایف نے حکومت پاکستان کو 27 اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔ 

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے ایک تصویر بھی جاری کی جس کے مطابق حکومت پاکستان نے جنوری میں صرف ایک ٹاسک کو مکمل اور ایک کو جزوی طور پر مکمل کیا، تاہم جون تک 14 پر کام ہوا۔

وفاقی وزیر کے ٹوئٹ کے مطابق ستمبر تک پاکستان نے 5 ٹاسک پورے کر لیے اور 17 کو جزوی طور پر مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ صرف 5 اقدامات کرنا باقی ہیں۔ 




حماد اظہر کا کہنا تھا کہ  2020 تک گرے لسٹ سے نکل کر وائٹ لسٹ میں آنے کے لیے تکمیل کے مراحل میں موجود ان اقدامات کو بھی پورا کر لیا جائے گا۔

اپنے ایک اور ٹوئٹ میں وفاقی وزیر نے بتایا کہ یہ بات ذہن میں رکھنی ہوگی کہ پاکستان کو دنیا میں کسی بھی ملک سے زیادہ چیلنجنگ ایکشن پلان کا سامنا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کی کارروائیوں کے تکمیل کی حدیں پہلے سے موجود خطرات کی وجہ سے اور بھی زیادہ ہیں، تاہم ہماری مسلسل پیش رفت کی وجہ سے یہ حدیں اب کم ہورہی ہیں۔


تازہ ترین