• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر ملین مارچ میں 5 کلو میٹر طویل آزاد کشمیر کا جھنڈا

کشمیر ملین مارچ میں 5 کلو میٹر طویل آزاد کشمیر کا جھنڈا


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر کا 5 کلو میٹر طویل جھنڈا بنایا گیا۔

جموں کشمیر میں بھارت کی بربریت اور کرفیو کو 75 سے زائد دن گزر چکے ہیں لیکن کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانے کا جذبہ پاکستان میں آج بھی عروج پر ہے۔

اسلام آباد میں مقبوضہ کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لیے ملین مارچ کا انعقاد کیا گیا، جس سے وفاقی وزیر علی محمد خان نے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے بھارت کو دوٹوک پیغام دیا کہ نریندر مودی نے اس قوم کو للکارا ہے، جس کو حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے غزوہ ہند میں جیت کی بشارت دی ہوئی ہے۔

انہوں نے بھارتی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستانی اور کشمیری موت سے نہیں ڈرتے۔

علی محمد خان نے یہ بھی کہا کہ کشمیر کاز کیلئے پوری قوم کا مکمل اتحاد وقت کا تقاضا ہے، جدوجہد خود ارادیت کرنے والے حریت رہنماؤں کا غیر متزلزل جذبہ لائق تحسین ہے۔

اسلام آباد میں ہونے والے اس مارچ میں سول سوسائٹی ،سماجی کارکنوں، طلبا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کشمیر ملین مارچ کی خاص بات 5 کلو میٹر طویل آزاد کشمیر کا جھنڈا تھا، جسے شرکاء نے کشمیر سے اظہار یکجہتی کے لیے تھام رکھا تھا۔

ملین مارچ کے شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر بھارت کے سامنے ڈٹ جائیں۔

انہوں نے مزید یہ بھی مطالبہ کیا کہ جب تک مقبوضہ کشمیر کو مودی سرکار کے ظلم سے آزادی نہیں مل جاتی حکومت پاکستان ہر پلیٹ فارم پر کشمیریوں کے آواز اٹھائے۔

تازہ ترین