• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا میںعمر قید کاٹنے والے بے گناہ شہری کیلئے 7 ملین ڈالرز معاوضہ

کینبرا (اے پی پی) آسٹریلوی عدالت کے حکم پر عمر قید کاٹنے والے بے گناہ شہری کو حکومت نے7 ملین سے زائد آسٹریلوی ڈالر (4.75 ملین امریکی ڈالر) معاوضہ ادا کردیا ۔ 74 سالہ ماہر معاشیات ڈیوڈ ایسٹ مین پر 1995ءمیں فیڈرل پولیس آفیسر کولن ونچسٹر کو قتل کرنے کا غلط الزام لگایاگیاتھا ۔وہ تقریباًدو دہائیوں تک قید رہا اور اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے اس نے متعدد مرتبہ عدالت سے رجوع کیا اور بالآخر اسے2014 ءمیں رہائی مل گئی ۔ ایسٹ مین کی اپیل پر آسٹریلین کیپیٹل ٹیریٹری (ACT) سپریم کورٹ نے حکم جاری کیا کہ حکومت اسے معاوضہ ادا کرے۔ ایسٹ مین نے استدعا کی تھی کہ اسے کم از کم 18 ملین ڈالر معاوضہ ادا کیا جائے ۔ ایسٹ مین کے وکیل سیم ٹیرنی نے کینبرا میں عدالت کے باہر صحافیوں کو بتایا کہ” ان کا موکل اس فیصلے سے بہت خوش ہے“۔ ایسٹ مین نے اس موقع پر کہا کہ اس نے خاندان کے ہمراہ اچھی زندگی گزارنے کا وقت گنوا دیا ۔قید کے دوران اس کی ماں اور بہنوں کی اموات ہوئیں جبکہ قیدی سے جھگڑے میں اس کی ایک آنکھ کی بینائی متاثر ہوئی ۔ آسٹریلوی نشریاتی ادارے کے مطابق حکومت کی جانب سے اس مقدمے میں 30 ملین آسٹریلوی ڈالرز سے زائد اخراجات ہوئے ہیں۔یاد رہے کہ 1989ءمیں مضافاتی شہر کینبرا میں پولیس افسر ونچسٹر کو کار سے اترتے ہوئے گولی مار ی گئی تھی۔
تازہ ترین