• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پاکستانی معیشت کی سمت درست ہے، ڈائریکٹر آئی ایم ایف

آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کی سمت درست ہے

اسلام آباد ( تنویر ہاشمی، کامرس رپورٹر ) آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کی سمت درست ہے، پاکستان معاشی استحکام کی جانب گامزن، صنعتی پیداوار، برآمدات، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے، پاکستان ناصرف معاشی عدم توازن اور بگڑی ہوئی صورتحال سے نکل کر معاشی استحکام کے مرحلے کی جانب گامزن ہے بلکہ صنعتی پیداوار، برآمدات اور بیرونی براہ راست سرمایہ کاری میں اضافہ کا راستہ ہموار ہورہا ہے جس پر موجودہ پاکستانی معیشت کام کر رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار آئی ایم ایف کے مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیا کے ڈائر یکٹر جہاد آذور نے واشنگٹن میں سالانہ اجلاس کے موقع پر میڈیا بریفنگ میں کیا۔

آئی ایم ایف کی جاری پریس ریلیز کے مطابق جہاد آذور نے کہا کہ درحقیقت پاکستان میں ہم تبدیلی کے مرحلے میں ہیں جس سے معیشت مستحکم اور عدم توازن سے نکل آئے گی، اصلاحات پر کام ہورہا ہے اس سے بہتری آئے گی۔

استحکام سے ترقی کی جانب سفر کے لیے فیصلہ کن بنیادی اصلاحات ضروری ہیں، اس سے کاروباری ماحول میں بہتری ہوگی اور معیشت مسابقتی بہتری کے ثمرات سے مستفید ہو سکے گی، یہ مانیٹری پالیسی میں تبدیلی سے حاصل ہو ئی، ایک طرف افراط زر کے ساتھ معتبر و مربوط مانیٹری اور مالیاتی پالیسی اور دوسری طرف پاکستان کی معیشت کو لاحق بنیادی خامیوں سے نمٹ کر ہی مستحکم میکرو اکنامک ماحول پیدا ہوگا اور اس سے ہی معاشی استحکام اور ترقی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیا کے خطہ میں تیل درآمد کرنے والے ممالک کی گروتھ میں کمی آئی ہے، گزشتہ برس کی گروتھ 4 اعشاریہ  3 فیصد کے مقابلےمیں کم ہوکر 3 اعشاریہ 6 فیصد پر آگئی ان میں سوڈان اور پاکستان جیسے ممالک شامل ہیں، گروتھ میں کمی سے قرضوں اور شرح سود میں اضافہ ہوا۔

تازہ ترین