پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہاکہ پاکستان میں حکومت تعلیم، صحت اور بالخصوص معذور بچوں کی تعلیم و تربیت کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عوام کے لیے اللہ تعالیٰ کا انمول تحفہ ہیں، جو ذاتی آرام کو پسِ پشت ڈال کر عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔
انہوں نے یہ بات ڈاکٹر عنصر حیات کی قیادت میں آنے والے برطانوی وفد سے لاہور میں ملاقات کے دوران کیا۔
صوبائی وزیر تعلیم نے وفد کو یقین دلایا کہ پاکستان تعلیم اور صحت کے شعبوں میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرتا بلکہ یہ حکومت کی واضح پالیسی ہے کہ عوام کو معیاری تعلیمی اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ نے کہا کہ آج پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور تعلیم کے شعبے میں پنجاب میں منفرد اور انقلابی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پنجاب میں تعلیم کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔
صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ زمین حاصل کریں، تعلیمی ادارے قائم کریں اور اپنے والدین یا بزرگوں کے نام پر تعلیمی منصوبے شروع کر کے صدقۂ جاریہ کریں، حکومتِ پنجاب اس ضمن میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
رانا سکندر حیات نے موجیانوالہ کے رہائشی اور مانچسٹر یوکے میں مقیم محمد ساجد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف اسکول کے لیے زمین فراہم کی بلکہ عمارت کی تعمیر میں بھی بھرپور کردار ادا کیا، جسے اب ہائیر سیکنڈری اسکول کا درجہ دیا جائے گا۔
اس اقدام سے علاقے کی بچیوں کو معیاری تعلیم حاصل کرنے اور معاشرے میں باوقار مقام بنانے کے مواقع میسر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عنصر حیات اور محمد ساجد جیسی شخصیات قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں، جو بیرونِ ملک رہتے ہوئے بھی اپنی مٹی سے محبت کا عملی ثبوت دے رہے ہیں۔
انہوں نے ایڈیشنل سیکریٹری سیف انور جپہ کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پنجاب کے ہر شہر اور قصبے میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں اور موجیانوالہ اسکول کی اپ گریڈیشن میں خصوصی دلچسپی لی۔
رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ منڈی بہاؤالدین میں میڈیکل کالج کا قیام علاقے کی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوگا اور اس کے دور رس مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
اس موقع پر برطانیہ کے معروف بزنس مین محمد ساجد نے ڈاکٹر عنصر حیات اور وقار ملک کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی مخلص اور متحرک شخصیات ہی پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عنصر حیات کے پاکستان کے دورے سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ وہ سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر مصروف رہتے ہوئے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان کاروباری روابط کو فروغ دینے اور کمیونٹی میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے عملی کردار ادا کر رہے ہیں۔
محمد ساجد نے کہا کہ ڈاکٹر عنصر حیات نے برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی کو متحد کر کے پاکستان کا نام روشن کیا، جس سے ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے میں بھی مدد ملی۔
انہوں نے صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور ایڈیشنل سیکریٹری سیف انور جپہ کو عوام کا حقیقی مسیحا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں شخصیات وزیراعلیٰ پنجاب کے ہراول دستے کے اصل خادم ہیں، جو عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہمہ وقت مصروفِ عمل ہیں۔