سینیٹ میں حکمران جماعت کے پارلیمانی لیڈر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے ملک کے رولز آف گیمز طے کرنے ہیں۔
خواجہ رفیق شہید کی برسی پر قومی سیمینار سے خطاب میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ 25 مئی 2022 ءکو اسلام آباد میں حملہ کیا گیا، اس وقت وہ حملہ نہ ہوتا تو پی ڈی ایم کی حکومت نہیں بنتی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک فساد اور لڑائی سے آگے نہیں بڑھ سکتا ہے، پاکستان کی دفاعی تنصیبات پر حملہ کیاگیا یہ آپ کے سامنے ہے۔
رانا ثناء نے مزید کہا کہ 9مئی کو سازش کے تحت جلاؤ گھیراؤ کیا گیا، سیاسی عدم استحکام اس وقت ہوتا ہے جب سیاسی جماعتیں مکالمے سے انکار کرتی ہیں۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ کہا جاتا 8فروری 2024 کو الیکشن درست نہیں ہوئے، مجھے بتائیں کہ کیا 2018 میں جو الیکشن ہوئے تھے وہ ٹھیک تھے۔
سینیٹر رانا ثناء نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جو کچھ کہا وہ بھی تاریخ کا حصہ ہے، وہ کہتے تھے میں آپ کو جیلوں میں ڈال دوں گا حکومت نے پی ٹی آئی کو بار بار مذاکرت کی دعوت دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ جس دن جعفر ایکسپریس کا واقعہ ہوا، اس دن کیا ہوا تھا، دہشت گردوں کو افغانستان اور بھارت سے آپریٹ کیا جارہا تھا۔
ن لیگی سینیٹر نے کہا کہ سیاسی جماعتیں آئین اور قانون کے تابع رہتی ہیں، سیاسی جماعتوں نے ملک کے رولز آف گیمز طے کرنے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جو جماعتیں انتشار نہیں پھیلاتیں انہیں جلسہ جلوس سے نہیں روکا جاتا ،جس جماعت پر شک ہو اسے آگے نہیں بڑھنے دیا جاتا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ اگر کوئی بیٹھنے کے لیے تیار ہی نہیں تو بات کس سے ہو گی، دیکھنا یہ ہے کہ سیاسی استحکام میں رکاوٹ کون ہے، سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام آئے گا۔