• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم 9 نومبر کو کرتار پور راہداری کا افتتاح کریں گے

اسلام آباد (اے پی پی) حکومت نے رواں سال 9 نومبر کو کرتارپور راہداری کھولنے کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی ہیں جس سے پوری دنیا اور بھارت میں مقیم سکھ یاتریوں کا مذہبی گہوارہ کھول دیا جائے گا۔ 

پاکستان تحریک انصاف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اس راہداری کا افتتاح کریں گے جس کا تعمیراتی کام حتمی مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔ 

کرتارپور راہداری کا افتتاح سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے جنم دن کی 550ویں تقریب کے موقع پر کیا جائے گا۔

کرتاپور راہداری سے بھارتی سکھ یاتریوں کو گوردوارہ کرتار پور صاحب تک ویزا فری رسائی حاصل ہوگی جو بابا گرو نانک کی آخری آرام گاہ ہے۔ 

متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق راہداری کا پہلا مرحلہ زیرو پوائنٹ تک راہداری مرکزی حصے کی تعمیر پر مشتمل ہے جبکہ گوردوارہ بارہ دری کی موجودہ عمارت، لنگر ہال  انگیٹھا صاحب، سارووار، انتظامی بلاک اور پارکنگ ایریا کی تزئین و آرائش بھی اسی مرحلہ کا حصہ ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں 10ہزار یاتریوں کے لیے رہائشی ایریا، فائیو اور سیون اسٹار ہوٹل کی تعمیر اور شاپنگ مالز کی تعمیر شامل ہیں۔ 

راہداری کے افتتاح کے بعد دنیا بھر سے سکھ دنیا کے سب سے بڑے گورودوارے میں اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے کے لیے آ سکیں گے، تقریباً 5 ہزار سکھ یاتری کرتار پور راہداری کے ذریعے پاکستان آئیں گے جو اس سہولت کے افتتاح کے منتظر ہیں۔

تازہ ترین