• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نے تاجروں کی شکایات کے ازالے کیلئے کمیٹی بنادی

قومی احتساب بیورو (نیب) نے معیشت کی بہتری اور تاجروں کی شکایات کے ازالے کے لئے کمیٹی قائم کردی ہے۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک کی معیشت میں بہتری اور تاجر برادری کی شکایات کے ازالے کے لیے نیب آرڈیننس 1999ء کے سیکشن 33-C کے تحت دیئے گئے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے نیب ایگزیکٹو بورڈ کی مشاوت سے 6 رکنی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

اعلامیے کے مطابق کمیٹی میں افتخار علی ملک(نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری )، دارو خان اچکزئی (صدر پاکستان فیڈریشن آف چیمبر اینڈ انڈسٹری)، عاطف باجوہ (سابق صدر بینک الفلاح)، انجم نثار (صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری)، سکندر مصطفیٰ خان(چیئرمین ملت ٹریکٹر) اور جمیل یوسف (سابق چیف سی پی ایل سی) شامل ہوں گے۔

کمیٹی تاجروں کی شکایات اورسفارشات چیئرمین نیب کو پیش کرے گی، کمیٹی کی سفارشات چیئرمین نیب کی سربراہی میں 3 رکنی کمیٹی کو پیش کی جائیں گی، جہاں کمیٹی کی ہر سفارش کا گہرائی سے جائزہ لیا جائے گا اور باہمی افہام و تفہیم سے معاملے کا حل نکالا جائے گا۔

اس کے علاوہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جو ریفرنس دائر ہو چکے ہیں ان کے بارے میں شکایات قابل پذیرائی نہیں ہوں گی۔

تازہ ترین