وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رجسٹری برانچ ڈیرہ غازی خان کا ”آن لائن وزٹ“کیا۔
وزیراعلیٰ نے اپنے آفس سے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سسٹم کے ذریعے اچانک رجسٹری برانچ ڈیرہ غازی خان کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے رجسٹری برانچ میں موجود شہریوں سے گفتگو بھی کی اور انھیں درپیش صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں سے رجسٹری اور دیگر ریونیو امور پر پیسے مانگنے کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔
انھوں نے کہا کہ اگر کسی سرکاری افسر یا ملازم نے شہریوں سے پیسے لئے تو اس کی خیر نہیں ہو گی۔
ایک شہری شاہد رسول نے شکایت کی کہ سٹی کے سب رجسٹرار کا تبادلہ ہو چکا ہے، نئے سب رجسٹرار نے ابھی تک چارج نہیں لیا۔اب رجسٹری کے کام سے آئے ہیں، نئے سب رجسٹرار کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے تکلیف کا سامنا ہے۔ ایک اور شہری غلام صدیق خان نے وزیراوعلیٰ کو بتایا کہ رجسٹری کروانے کے لئے چار دن سے آرہے ہیں۔لیکن کام نہیں ہورہا ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بروقت عہدے کا چارج نہ لینے پر سب رجسٹرار عمران حمید کو معطل کرنے کا حکم جاری کیا۔وزیر اعلٰی نے شہریوں کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو بھی رجسٹری برانچ طلب کر لیا اور ان افسران کو ہدایت کی کہ وہ دفتر سے نکلیں اور رجسٹری برانچ فوری طور پر پہنچیں، عوام پریشان ہیں۔
انھوں نے ڈپٹی کمشنر کو حکم دیا کہ رجسٹری برانچ میں موجود تمام لوگوں کے مسائل فوری حل کریں۔
انھوں نے کہا کہ روزانہ”آن لائن وزٹ“ سے سرکاری دفاتر کا جائزہ لیا کروں گا۔کسی بھی شہر کے کسی بھی دفتر کا کسی بھی وقت آن لائن جائزہ لیا جائے گا۔عوام کے مسئلے خود حل کرواؤں گا، زیر التواء کیسز کو فوری نمٹایا جائے۔
وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ جتنی بھی رجسٹریاں وغیرہ ہوں ان کے نمبر، واٹس ایپ نمبر سی ایم آفس بھیجے جائیں۔
اس دوران وزیر اعلٰی عثمان بزدار شہریوں سے سرائیکی میں بات چیت کرتے رہے، لوگ اچانک انکے آن لائن رابطے پر حیران تھے۔
وزیر اعلٰی نے ڈپٹی کمشنر کو مسائل حل کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔