• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن میں مظاہروں کے دوران گڑبڑ سے 37ملین پونڈ کانقصان

لندن (نیوز ڈیسک) کلائمٹ چینج کے خلاف مظاہروں کے دوران گڑبڑ اور مظاہرین کی جانب سے شہر کے بعض حصوں کو بند کرانے سے ٹیکس دہندگان کے 37ملین پونڈ کا نقصان ہوا۔ دی سن نے یہ خبر دیتے ہوئے لکھا ہے کہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران مظاہروں، دھرنوں، بلاکیڈ، خود کو زمین سے پیوست کرلینے جیسے حربوں سے صرف میٹروپولیٹن پولیس کو 21 ملین پونڈ کا بوجھ برداشت کرنا پڑا۔ محکمہ پولیس پر یہ بوجھ اپریل میں گروپ کی جانب سے کئے جانے والے مظاہروں کی وجہ سے پولیس پر پڑنے والے 16 ملین پونڈ کے بوجھ سے صرف 6 ماہ کے اندر پڑا ہے۔ اخبار کے مطابق موسم خزاں کے دوران ہونے والے مظاہروں کی وجہ سےہونے والے نقصان کا جب پورا حساب لگایا جائے گا تو خزانے پر پڑنے والے بوجھ میں مزید کئی ملین پونڈ کا اضافہ ہوجائے گا۔ کمشنر کریسیڈا ڈک کا کہنا ہے کہ مظاہروں سے لندن اور میٹرو پولیٹن پولیس کو بھاری بوجھ اور ذہنی دبائو برداشت کرنا پڑا، کیونکہ افسران کو پورے شہر سے دوسری شفٹ کیلئے جمع کرنا پڑا۔ ایل بی سی ریڈیو پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے بعض دیگر کام بھی یا تو سست روی کا شکار ہوئے یا روکنا پڑے اور لندن کے بقیہ حصوں میں کم اچھی سروس مل سکی۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس کو دارالحکومت میں بڑھتے ہوئے جرائم سے نمٹنے کیلئے پھیلایا جاتا ہے، رواں سال اب تک 110 سے زیادہ پرتشدد جرائم ریکارڈ ہوچکے ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران لندن سٹی ایئرپورٹ کو نشانہ بنانے والے ایک ہزار 700سے زیادہ مظاہرین کو گرفتار کیا گیا، مظاہروں کے ان دو ہفتوں کے دوران لندن سٹی ایئرپورٹ کے علاوہ پارلیمنٹ اور بینک آف انگلینڈ تک مختلف علاقوں کو بند کیا گیا تھا۔
تازہ ترین