• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’اپنے منشور کے مطابق ایک اور وعدہ پورا کردیا‘

وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ورلڈ بینک کی ای او ڈی بی کی رینکنگ میں بہتری حاصل کی، اپنے منشور کے مطابق ایک اور وعدہ پورا کردیا۔


سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ پاکستان نے کاروبار میں آسانی کرنے والے ملکوں کی رینکنگ میں سب سے بہترین کامیابی حاصل کرلی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دہائی میں پاکستان کی رینکنگ 50 نمبروں سے زیادہ گر گئی تھی، اب پاکستان کی رینکنگ 28درجے بہتری کے بعد 136 سے 108 پر آگئی ہے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں اس کامیابی کے لیے محنت کرنے والے حکومتی ارکان کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ہمیں ابھی بھی مزید طویل سفر طے کرنا ہے۔

وزیر اعظم نے لکھا کہ انشاءاللّہ 2020 کے آخر تک پاکستان سرمایہ کاری کے لیے اول نمبر پر آجائےگا۔

خیال رہے کہ عالمی بینک نے ڈوئنگ بزنس رپورٹ2020 جاری کردی جس میں ‏پاکستان کی رینکنگ میں 28 درجے بہتری دکھائی گئی ہے۔

عالمی بینک کی جاری کردہ رپورٹ میں پاکستان 136 سے 108 نمبر پر آگیا ہے۔  ‏

‏ ورلڈ بینک کے مطابق ‏درجے میں بہتری کی وجہ وفاق اور صوبوں کی جامع اصلاحات ہیں۔ ‏وفاق، سندھ اور پنجاب نے نمایاں اصلاحات کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: ملک کو مشکل صورتحال سے نکالیں گے

پاکستان نے ایز آف ڈوئنگ بزنس کی ریفارمز میں بھارت اور بنگلا دیش کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کاروبار میں آسانیاں کرنے والے ممالک کی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر آگیا۔

یاد رہے کہ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ایلنگو پاچماتھو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا پاکستان کا نام اصلاحات کرنے والے20 ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستان نے حال میں 6 اہم اصلاحات کیں، یہ اہم اصلاحات ایز آف ڈوئنگ بزنس کی ضمن میں کی گئیں۔

ورلڈ بینک کی کاروباری آسانیوں میں پاکستان  کا نمبر 136 سے 108 نمبر پر  آنے کے بعد سیکرٹری تجارت احمد نواز سکھیرا کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے۔

اس حوالے سے احمد نواز سکھیرا کا کہنا ہے کہ رینکنگ میں بہتری سے بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور روز گار میں اضافہ ہو گا، یہ سب وزیر اعظم کی کاوشوں سےممکن ہو سکتا ہے۔

تازہ ترین