برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمدفیصل نے ہائی کمیشن لندن کے افسران کے ہمراہ لندن کی ہیرو سینٹرل مسجد کا دورہ کیا۔
ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ ڈاکٹر سارہ نعیم بھی موجود تھیں، دورے کے دوران ہائی کمشنر نے جمعہ کی نماز ادا کی اور کمیونٹی ارکان سے ملاقات کی۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے معاشرے میں امن، رواداری اور اسلامی اقدار کو فروغ دیا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔
پاکستانی ہائی کمشنرنے یقین دہانی کرائی کہ وہ خود اور ہائی کمیشن کی پوری ٹیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
اس موقع پر پاکستان اور لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کی ترقی و خوشحالی کےلیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
ہیرو سینٹرل مسجد کے امام نے کمیونٹی کے لیے ہائی کمشنر اور ہائی کمیشن کے عملے کی خدمات کو سراہا۔
ہائی کمشنر نے مسجد کے مختلف سیکشنز کا دورہ بھی کیا اور مسجد کی جانب سے کمیونٹی کو فراہم کی جائے والی مختلف سروسز اور سہولتوں کا مشاہدہ کیا اور مسجد انتظامیہ کی کاوشوں کو خراج پیش کیا۔