• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آزادی مارچ ہو کر رہے گا، کنٹینرز اٹھا کر پھینک دیں گے، فضل الرحمٰن

سکھر(نامہ نگار،صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہاہے استعفیٰ لیکر آئیں، حسین کا موقف اپنایا، یزید کے ہاتھ پر بیعت نہیں کریں گے۔

سکھر میں جامعہ مسجد میں مرکزی شوریٰ کے اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ جے یو آئی ف 27 اکتوبر کو پورے ملک میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی میں شریک ہو گی لیکن حکومت نے کشمیریوں کا سودا کر کے ملک کو ایک امتحان میں ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ کی تاریخ میں تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، آزادی مارچ ہو کر رہے گا اور 31 اکتوبر کو قافلہ اسلام آباد میں داخل ہو گا۔

مولانا فضل الرحمن کی میڈیا سے گفتگو


حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم نے مذاکرات سے انکار نہیں کیا، اپوزیشن کی رہبر کمیٹی حکومتی کمیٹی سے آج جمعہ کو مذاکرات کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سب اپوزیشن جماعتیں ایک پیچ پر ہیں، تمام اپوزیشن جماعتیں اور رہبر کمیٹی مشاورت سے حکومتی کمیٹی کو جواب دے گی۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اسلام آباد پہنچنے کے بعد وہاں ٹھہرنے کی مدت رہبر کمیٹی طے کرے گی۔

حکومت کی جانب سے آزادی مارچ کو روکنے کے لیے خندقیں کھودنے اور کنٹینر کھڑے کرنے سے متعلق سوال پر سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ حکومت کی خندق ہمارے لیے ہموار زمین ہے اور کنٹینرز کو ہم اٹھا کر پھینک دیں گے۔

تازہ ترین