وزیرِصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نوازشريف سے متعلق عدالت کا جو فيصلہ آئے گا وہ من و عن قبول کريں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ ڈاکٹر عدنان سے تمام تفصيلات شيئر کی جارہی ہيں، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ نوازشریف کو تمام سہولتیں ملیں۔
انہوں نے بتایا کہ نوازشریف کی صحت کا ایک مسئلہ نہیں ہے، انہیں ذیابیطیس سمیت دل کا عارضہ بھی ہے،گردوں پر بھی اثر ہے تاہم ان کی طبیعت اب بہتری کی جانب جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے پلیٹ لیٹس 20 ہزار ہوچکےہیں، نوازشریف کوعلاج کے لیے بہترین سہولیات دے رہے ہیں۔
انھوں نے یہ بھی بتایا کہ میڈیکل بورڈ کو کہا کہ کسی دباؤ کے بغیر نوازشریف کی رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔
ڈاکٹرز جو بہتر سمجھتے ہیں وہ عدالت کو بتائیں، میڈیکل بورڈ نے یہ رپورٹ لاہور کی عدالت میں پیش کی۔