کراچی میں جمعیت علمائے اسلام ف کےتحت آزادی مارچ کے آغاز پر سہراب گوٹھ کے قریب کشمیریوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے جلسہ جاری ہے جس سے جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے خطاب کیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کے کارکن اور رہنما بھی جلسہ گاہ میں موجود ہیں۔
آزادی مارچ کی نگرانی صوبائی سیکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو کر رہے ہیں، مارچ میں کراچی کے 6 اضلاع سے قافلے سہراب گوٹھ پہنچ رہے ہیں، جبکہ حب کے راستے سے آنے والے بلوچستان کے کارکنان بھی مارچ میں شریک ہوں گے۔
جے یو آئی ف کے سینئررہنما مولانا عبد الواسع کوئٹہ سے مارچ کی قیادت کریں گے، وہ ڈیرہ غازی خان سے ہوتے ہوئے ملتان، لاہور اور پھر اسلام آباد پہنچیں گے، قافلہ فورٹ منرو کے پہاڑی سلسلوں سے بھی گزرے گا۔
جے یو آئی (ف) کے جلسے کی وجہ سے سہراب گوٹھ پر آنے اور جانے والے دونوں راستے ٹریفک کے لیے بند ہونے سے علاقے میں شدید ٹریفک جام کی صورتِ حال پیدا ہوگئی ہے اور شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ مانسہرہ پولیس نےجمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مفتی کفایت اللّٰہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
دوسری جانب جمعیت علمائے اسلام ف کا اسلام آباد کی جانب مارچ کے حوالے سے اسلام آباد انتظامیہ سے معاہدہ بھی طے پایا ہے۔