جمعیت علماء اسلام کا آزادی مارچ سکھر پہنچ گیا، صوبائی جنرل سیکرٹری راشد محمود مارچ کی قیادت کررہے ہیں۔
آزادی مارچ کے شرکاء روہڑی بس ٹرمینل پر قائم عارضی خیمہ بستی میں رات قیام کریں گے، مارچ صبح 11 بجے اگلی منزل کی جانب روانہ ہوگا۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کا کراچی سے شروع ہونے والا آزادی مارچ رات سکھر میں قیام کے بعد آج پنجاب میں داخل ہوگا، یہ آزادی مارچ لاہور سے ہوتا ہوا اسلام آباد پہنچےگا۔
جے یو آئی (ف) کے آزادی مارچ کی نگرانی صوبائی سیکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو کر رہے ہیں، مارچ میں کراچی کے 6 اضلاع سے قافلے سہراب گوٹھ پہنچے، جبکہ حب کے راستے سے آنے والے بلوچستان کے کارکنان بھی مارچ میں شریک ہوں گے۔
جے یو آئی (ف) کے سینئر رہنما مولانا عبد الواسع کوئٹہ سے مارچ کی قیادت کریں گے، وہ ڈیرہ غازی خان سے ہوتے ہوئے ملتان، لاہور اور پھر اسلام آباد پہنچیں گے، قافلہ فورٹ منرو کے پہاڑی سلسلوں سے بھی گزرے گا۔
گزشتہ روز کراچی میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے تحت آزادی مارچ کے آغاز پر سہراب گوٹھ کے قریب کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے جلسے کا انعقاد ہوا، جس سے جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے خطاب کیا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پرمسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے کارکن اور رہنما بھی جلسہ گاہ میں موجود تھے۔