صوابی( نمائندہ جنگ)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے کہ عصر حاضر میں تعلیم کے بغیر ترقی و کامرانی کا تصور ممکن نہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کے روز باجا بام خیل صوابی میں مارننگ سکول سسٹم میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ناظم سہیل یوسفزئی ، حاجی رنگیز خان، پرنسپل دیدار سرور، زاہد گل ، نمروز خان اور شاہ روم آمان کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔سپیکر اسدقیصر نے کہا کہ تعلیم مومن و مسلمان کی میراث ہے اور ترقی کے لئے علم کا حصول ناگزیر ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم سے روگردانی کرنے والی قومیں آج پستی و زوال کا شکار ہے انہوںنے کہا کہ اسی وجہ سے انہوںنے اپنی تمام تر توجہ تعلیم اور تعلیمی اداروں پر مرکوز رکھی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ صوابی میں و ویمن یونیورسٹی کے قیام سے علاقے کی طالبات ، پختون روایات ، چادروچاردیواری اور اپنے کلچر کے مطابق اپنے ہی علاقے میں تعلیم حاصل کریں گی انہوں نے کہا کہ وویمن یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کی کلاسیں بھی شروع کی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ اسلام میں حصول علم پر زور دیا ہے سپیکر اسدقیصر نے کہا کہ صوابی میں دیگر بڑے منصوبوں کے علاوہ یہاں پاک فضائیہ کے زیر اہتمام ایک ائر یونیورسٹی بھی قائم کی جائیگی انہوں نے کہا کہ یہ خطہ بہت جلد ایجوکیشن سٹی کی حیثیت اختیار کرلے گا انہوں نے کہا کہ علاقے میںمیڈیکل کالج کے قیام سے لوگوں کو علاج معالجے کی جدید اوربہتر سہولتیں مقامی سطح پر میسر آجائیں گی۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ آج وہ جس مقام یا منصب پرہیں یہ سب علم کی طفیل ہے انہوںنے کہا کہ انہیں اس با ت پر فخر ہے کہ انہوںنے اپنی عملی زندگی کا آغاز ایک نرسری ٹیچر کی حیثیت سے کیا اور اپنی نجی تعلیمی ادارے میں پرنسپل اورڈائریکٹر سمیت مختلف پوسٹوں پر اپنی خدمات انجام دیتے ہوئے سپیکر کے منصب تک پہنچے ہیں تقریب میں سپیکر اسدقیصر ، سہیل یوسفزئی اور حاجی رنگیز خان نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے ۔