• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں کشمیر پر بھارتی قبضے کے دن (یوم سیاہ) کے موقع پر بھارتی سفارت خانے کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

برسلز: کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ


مظاہرے کا اہتمام کشمیری کمیونٹی بیلجیم نے کیاتھا جس میں بڑی تعداد میں کشمیریوں، پاکستانیوں، کشمیریوں کے ہمدردوں اور انسانی حقوق کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

 یورپی ہیڈکوارٹرز برسلز میں ستائیس اکتوبر کا احتجاجی مظاہرہ اس بار ایسے وقت ہوا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل تین ماہ سے کرفیو نافذ ہے جس سے لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور ان حالات میں انہیں انتہائی سخت مشکلات درپیش ہیں۔ اس مظاہرے کے دوران ایک احتجاجی یادداشت بھی بھارتی سفارت خانے  کو پیش کی گئی جس میں بھارت سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کرے، کشمیریوں پر مظالم بندکرے، نیز کشمیر پر اپنا غیرقانونی قبضہ ختم کرکے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے اپنے وعدوں پر عمل پیرا ہو۔

مظاہرے کے موقع پر کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے کہا کہ بھارت نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر کے عوام کو محصور کر رکھا ہے بلکہ کنٹرول لائن پر رہنے والے آزاد کشمیر کے عوام بھی بھارتی جارحیت سے محفوظ نہیں۔

علی رضا سید نے بھارتی حکومت کی طرف سے تین ماہ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے محاصرے اور بھارتی فوج کی طرف سے کنٹرول کے لائن کے قریب آزاد کشمیر کی سویلین آبادی پر مسلسل گولہ باری کی بھی مذمت کی۔

انھوں نے کہاکہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اقوام عالم بھارت کے کشمیریوں کے خلاف اس جارحانہ و ظالمانہ رویئے پر خاموش ہے۔ ہم یہ مظاہر ہ کرکے عالمی برادری سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی خاموشی توڑ کرکے مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ ختم کرائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں ان کی مدد کرے۔ دوسری طرف ہم بھارتی حکومت کو یہ پیغام دیناچاہتے ہیں کہ کشمیری بھارت کا غیرقانونی قبضہ ہرگز تسلیم نہیں کرتے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے بھارتی حکومت کی طرف جموں و کشمیر انسانی حقوق کمیشن کو ختم کئے جانے کی بھی مذمت کی۔دیگر مقررین نے کہا کہ کشمیری قوم اپنے مستقبل کا آزادماحول میں فیصلہ کرناچاہتی ہے۔ افسو س سے کہنا پڑتا ہے کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار ہے لیکن وہ کشمیریوں کے حقوق دبارہا ہے اور مقبوضہ وادی میں بے گناہ لوگوں کوقتل کررہا ہے۔

مظاہرین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ آگے آئے اور بھارت پر دباؤ ڈالے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا خاتمہ ہو، کشمیریوں پر بھارتی مظالم بند ہوں اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلایا جائے۔

تازہ ترین