سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی پریشانی دیکھی نہیں جاتی۔
احتساب عدالت میں ایل این جی کیس میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مجھے سہولتیں ملنے سے عمران خان اور عثمان بزدار پریشان رہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوچا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی پریشانی ختم کردوں، اس لیے سہولیات واپس کردیتا ہوں۔
سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ 100 روز گزر چکے ہیں لیکن نیب کیس نہیں بناسکا، نیب کو اب تک سمجھ ہی نہیں آئی کہ کرنا کیا ہے۔
احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل کے جوڈیشل ریمانڈ میں 19 نومبر تک توسیع کردی۔
اس موقع پر عدالت کے روبرو شاہد خاقان عباسی نے عدالتی کارروائی ٹی وی پر براہ راست دکھانے اور کیس کی تیاری کے لیے لیپ ٹاپ فراہم کرنے کی استدعا بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پورا پاکستان دیکھے منتخب نمائندے کتنے کرپٹ ہیں۔
سابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ میڈيکل بورڈ نے سرجری کروانےکی سفارش کی ہے، اپنے خرچے پر مرضی کے اسپتال سے سرجری کی اجازت دی جائے۔