اسلام آباد(خصوصی رپورٹ،صباح نیوز) پشاور موڑ پر اتوار بازار میں لگنے والی آگ کے باعث سینکڑوں اسٹال جل گئے، منگل کو علی الصبح لگنے والی آگ سے گارمنٹس اور لنڈے کے اسٹال زد میں آئے۔ فائربریگیڈ کی بارہ گاڑیوں اور نیوی کے فائر فائٹرز نے ریسکیو آپریشن کے بعد دو سے تین گھنٹوں میں آگ پر قابو پا لیا۔ پشاورموڑ کے قریب اتوار بازار میں ہونے والی آتشزدگی پر ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے ۔ آگ لگنے کا واقعہ ایچ نائن سیکٹر میں پیش آیا جہاں مولانا فضل الرحمٰن آزادی مارچ کا جلسہ بھی کریں گے۔ سٹالز مالکان کا کہنا ہے کہ بازار میں کل تین ہزار کے قریب اسٹالز ہیں،بازار میں آتشزدگی کا اب تک یہ تیسرا بڑا واقعہ ہے لیکن ابھی تک سٹالز کو محفوظ نہیں کیا جا رہا۔ دریں اثناء سٹال ہولڈرز نے الزام لگایا ہے کہ آگ اسلام آباد کی مارکیٹوں والے اپنی اشیاء مہنگے داموں فروخت کرنے کی راہ میں ہفتہ وار بازاروں کو اپنی رکاوٹ سمجھتے ہیں۔ حالانکہ ہفتہ وار بازار اسلام آباد کے شہریوں کو چالیس سے ساٹھ فیصد کم قیمت پر وہی سزیاں، پھل، مرغی اور ہر قسم کی گھریلواشیاء فروخت کرتے ہیں۔ یہ ایچ نائن میںہفتہ وار بازار میں لگنے والی سب سے بڑی آگ ہے۔ اس سے پہلے بھی انسان دشمن مافیا اور دارالحکومت کے متوسط خاندانوں کو کم منافع لیکر سامان فروخت کرنے والے سٹال ہولڈروں کے سینکڑوں سٹال جلا کر راکھ کرچکا ہے مگر اسلام آباد کی ذمہ دار انتظامیہ نے آگ لگانے والوں کیخلاف نہ کوئی ایکشن لیا اور نہ ان کو پکڑ کر جیلوں میں ڈالا۔ حالانکہ پیر اور منگل کی درمیانی شب لگائی گئی آگ سے سینکڑوں خاندان تباہ ہوگئے ہیں۔ جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے سٹالز ہولڈروں نے کہا کہ ہماری عمر بھر کی جمع پونجی جل گئی ہے اور تھوک میں اشیاء خرید کر کم منافع لیکر اسلام آباد کے لاکھوں شہریوں کی خدمت کرتے چلے آرہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ منگل بازار ہویا جمعہ بازار ایچ نائن کا اتوار بازار ہو وہاں خریداری کرنیوالے ہزاروں لوگوں کے علاوہ ہمہ وقت سینکڑوں کاروں والے بھی اشیاء خریدنے آتے ہیں۔ عوام کے مطابق ماضی میں بھی جلے ہوئے سٹال ہولڈروں کی اشک شوئی کیلئے کمیٹیاں بنتی رہیں مگر کچھ حاصل نہ ہوا۔ اسلام آباد کے ہفتہ وار بازاروں کی طرح نہ صرف پورے پاکستان بلکہ لندن سمیت یورپ ، امریکہ تک کے شہروں میں متوسط طبقے کو معقول قیمت پر گھریلو سامان کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہفتہ وار بازار 50 سالوں سے لگائے جارہے ہیں اگر آگ لگا کر دارالحکومت کے اتوار بازار بند کرانے کی کوشش کرنیوالوں کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں۔صباح نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پشاور موڑ پر اتوار بازار میں آتشزدگی سے سینکڑوں اسٹال جل گئے۔ فائر بریگیڈ عملے کے آگ رات تین بجے کارپٹ، جوتوں اور دیگر اشیا کے سٹالز میں آگ لگی۔پولیس حکام نے بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق آگ یو پی ایس میں شارٹ سرکٹ سے لگی ۔ متاثر ہونے والے دکانداروں نے کہا کہ انتظامیہ جان بوجھ کر آگ لگاتی ہے۔ بازار میں کل 2750سٹال ہیں۔ واضح رہے کہ اس بازار میں رواں سال 18جولائی اور دیگر کئی مرتبہ آتشزدگی کے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔