• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرونانک کے جنم دن پر 50 کا سکّہ جاری

حکومت پاکستان نے سکھ مذہب کے بانی گرونانک دیوجی کی 550 ویں جنم دن کے موقع پر یادگاری 50 روپے کا سکّہ جاری کردیا۔

سکھ مذہب کے بانی گرونانک دیوجی کے 550 ویں یوم پیدائش کے موقع پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمام سکھ یاتریوں کے لیے گرونانک کے نام کا 50 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کیا گیا ہے۔

یہ اقدام گزشتہ ہفتے اسلام آباد اور نئی دہلی کے ذریعے سکھ یاتریوں کے لیے کرتارپور راہداری کھولنے کے معاہدے پر دستخط کیے جانے کے بعد کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان گرونانک دیوجی کے یوم پیدائش سے 3 روز قبل 9 نومبر کو کرتارپور راہداری کا باقاعدہ افتتاح کریں گے اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ یہ 50 روپے کا سکّہ کرتارپور میں ہی دستیاب ہوگا۔

گرونانک دیوجی کے نام پر جاری کردہ پچاس روپے مالیت کا یادگاری سکّہ سکھ برادری کے لیے جاری کیا گیا ہے۔ اس کے ایک رُخ پر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور قومی نشان ہے جب کہ دوسرے رُخ پر سکھوں کی عبادت گاہ کی تصویر کندہ ہے۔ 

پچاس روپے مالیت کے یادگاری سکّے پر گرو نانک دیوجی 1469-2019 کے الفاظ  بھی کندہ ہیں اور سکھوں کے مقدس مذہبی تہوار کے موقع پر ہندوستانی سکھ یاتریوں کے لیے ویزا فری داخلے کی اجازت ہوگی۔

اِس کے علاوہ سکھ یاتریوں کے لیے ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیے جائیں گے جس کی قیمت 8 روپے ہوگی اور اُس ڈاک ٹکٹ پر سکھوں کے سب سے بڑے ’گوردوارہ جنم استھان‘ کی تصویر ہوگی۔

دوسری جانب حکومتِ پاکستان کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گرونانک دیوجی کے 550ویں یوم پیدائش کے موقع پر سکھ برادری کے لیے 50 روپے کا سکّہ جاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔


تازہ ترین