ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے دعویٰ کیا ہے کہ کراچی کے علاقے صدر میں رواں سال 6جون کو میجر ثاقب اقبال کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
کراچی میں ڈی آئی جی شرقی عامر فاروقی نے دعویٰ کیا ہے کہ آرام باغ کے قریب اسٹریٹ کرائم کی واردات میں پاک فوج کے میجر کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔
ڈی آئی جی شرقی عامر فاروقی نے پریس کانفرنس کرتےہوئے بتایا ہے کہ گرفتار دونوں ملزمان یومیہ اجرت پر کے پی ٹی میں کام کرتے ہیں جن کا جیو فینسنگ سے ریکارڈ حاصل کیا۔
عامر فاروقی نے بتایا کہ ملزمان سے واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کرلی جبکہ واردات میں استعمال ہونےوالا اسلحہ انہوں نے فائرنگ کے بعد نالے میں پھینک دیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کو سائٹ سپر ہائی وے سے گرفتار کیا گیا ہے ۔