سربراہ جمعیت علمائے اسلام ف مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں نکلنے والے آزادی مارچ کے پیشِ نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس سے متصل شہر راولپنڈی میں تمام تعلیمی ادارے بند ہیں۔
اسلام آباد میں نجی اسکولز آج بند ہیں، جبکہ قائدِ اعظم یونی ورسٹی 2 دن بند رہے گی، جس کے شیڈولڈ امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
ادھر راول پنڈی ضلع کے تمام سرکاری و نجی اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیز بھی آج بند ہیں، جڑواں شہروں کے درمیان چلنے والی میٹرو بس سروس بھی غیر معینہ مدت تک بند رہے گی۔
آزادی مارچ گوجر خان پہنچ گیا
دوسری جانب جمعیت علمائےاسلام ف کا آزادی مارچ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں پنجاب کے ضلع راولپنڈی کے علاقے گوجر خان پہنچ گیا ہے۔
گوجر خان میں جے یو آئی ف اور مسلم لیگ نون کے رہنماؤں نے قافلے کا استقبال کیا، جہاں مقامی نون لیگی رہنما شاہد صراف نے میزبانی کے فرائض انجام دیے۔
قافلے میں شامل کارکنوں نے بھی وہیں پڑاؤ ڈال لیا، صبح سویرے ناشتہ کیا اور اصل منزل اسلام آباد جانے کے لیے تازہ دم ہوئے۔
آزادی مارچ اب سے کچھ دیر بعد مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگا جہاں پشاور موڑ پر مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ جے یو آئی کا جلسہ ہو گا۔
یہ بھی پڑھیئے: اسلام آباد، شرکائے مارچ اور عوام کیلئے ٹریفک پلان مرتب
جلسہ گاہ میں مرکزی قافلہ پہنچنے سے پہلے ہی کارکن صبح سے پہنچ چکے ہیں جہاں ناشتے سے ان کی تواضع کی گئی۔
آزادی مارچ کا قافلہ آج شام راولپنڈی شہر میں داخل ہوگا۔
آزادی مارچ میں شرکت کے لیے لکی مروت سے 600 گاڑیوں کا کارواں کرم پل سے روانہ ہوا ہے جس کی قیادت ایم این اے مولانا محمدانور کر رہے ہیں۔
جے یو آئی کارکنوں نے ہنگو کی مین شاہراہ بند کر دی
ادھر ہنگو میں جے یو آئی ف کے کارکنوں نے پارا چنار، ٹل اور ہنگو تا کوہاٹ مین شاہراہ مکمل طور پر بند کر دی۔
انتظامیہ کی جانب سے گاڑی مالکان پر پابندی لگائے جانے کی وجہ سے جےیو آئی کارکنان نے سڑکیں بند کی ہیں۔
آزادی مارچ، ٹریفک پلان مرتب
دوسری جانب آزادی مارچ کے سلسلے میں اسلام آباد ٹریفک پولیس نے مارچ کے شرکاء اور عوام کے لیے علیحدہ علیحدہ ٹریفک پلان بھی ترتیب دیا ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شرکاء اور عوام کی سہولت کے لیے مرتب کیے گئے ٹریفک پلان کے نقشے بھی جاری کیے ہیں۔