امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم پریشان ہیں، وہ ڈیلیور نہیں کر پا رہے ہیں۔
حیدر آباد میں کارکنوں کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ ملک میں کوئی جمہوری نظام نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشلزم اور تبدیلی کے نام پر دھوکا دے کر میڈیا کے ذریعہ خاص ماحول بنا کر نالائق اور نااہل لوگوں کو افلاطون بنا کر پیش کیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ آج سیاسی اور معاشی استحصال جاری ہے، انصاف کے دروازے اور عدالتوں کی آنکھیں بند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ پاکستان نہیں، جسے قائداعظم محمد علی جناح نے بنایا، اس نظام میں انصاف نظر نہیں آتا۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ یہ جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا نظام ہے، میں ایسے نظام کو نہیں مانتا، یہ اتنا فیل نظام ہے کہ ایک ڈینگی کا مقابلہ نہیں کرسکتا، دشمن کا تو کیا مقابلہ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اسلام آباد میں دھرنا دیا ہوا ہے، لوگ پوچھتے ہیں کہ آپ ساتھ کیوں نہیں ہیں؟ میں کہتا ہوں کہ جماعت اسلامی چوکوں اور چوراہوں پر کھڑی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ رہبر کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں بلاول بھٹو زرداری نے شرط رکھی کہ آزادی مارچ میں اسلامی نظام اور مذہب کی بات نہیں کرنی۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ میرے کارکن اسلامی نظام اور مذہب سے ہٹ کر ایک قدم بھی اٹھانے کے لئے تیار نہیں، ہم اپنے پروگرام کے تحت لڑیں گے اور جدوجہد کریں گے۔