لاہور(مانیٹرنگ سیل) شکارپور کے قریب سکھر ایکسپریس کی دو بوگیوں میں آگ لگ گئی۔
مسافروں نے زنجیر کھینچ کر جان بچائی،شکارپور اسٹیشن کے قریب دو کوچز کے درمیان اچانک آگ لگی، 2 الیکٹریکل سپر وائزر معطل،ٹرین اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئی،ترجمان ریلوے کے مطابق سکھر ایکسپریس کراچی سے جیکب آباد جارہی تھی کہ شکارپور اسٹیشن کے قریب اس کی دو مسافر کوچز کے درمیان اچانک آگ لگ گئی جس سے ایک کوچ متاثر ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ آگ لگنے کے بعد مسافروں نے ایمرجنسی زنجیر کھینچ کر ٹرین روکی اور جان بچائی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ متاثرہ کوچ ٹرین سے الگ کرکے ٹرین کو منزل کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔دوسری جانب ڈی ایس ریلوے نے سکھرایکسپریس کی بوگی میں آگ لگنے پر 2 الیکٹریکل سپر وائزروں کو معطل کردیا۔
ڈی ایس ریلوے یوسف لغاری کا کہناہےکہ حادثے میں کسی تخریب کاری کا عنصر شامل نہیں، واقعہ شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا لہٰذا فرائض سے غفلت برتنے کے الزام میں دونوں ریلوے ملازمین کو معطل کردیا گیا ہے۔