اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کومخاطب کرتے ہوئے کہا ہے آپ عوام کے سمندر سے ڈر کر بھاگ رہے ہیں، جتنا مرضی روئیں آپکو این آر او نہیں دینگے۔ وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہا عمران صاحب تقریر، جادو ٹونا، دھمکی ، گالی اور کوئی جھوٹ اب کام نہیں آئیگا، آپکو گھر جانا پڑیگا، پاکستان کے عوام آپکی نالائقی، نااہلی، عوام دشمنی اور جھوٹ سے آزادی چاہتے ہیں، آپکے ہوتے ہوئے ملک کی تباہی کیلئے کسی اور کی ضرورت نہیں، عمران صاحب آپکے بیٹے کہاں ہیں؟ انکی معلومات بھی قوم کو بتائیں، اس ڈھٹائی سے جھوٹ بولنے پر عمران صاحب کو آسکر ایوارڈ ملنا چاہئے، انہوں نےکہاکہ ٹیم کو ایک نالائق اور نااہل سربراہ ملا ہے کوئی کارکردگی نہیں دکھا سکتا، ٹیم کا سربراہ کھلنڈرا، کوئی سمت اور وژن نہ ہو تو ٹیم کارکردگی نہیں دکھا سکتی۔