• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی آلودگی و حرارت اور خشک سالی و قحط آب نے بڑھتی آبادی کے ساتھ زمینی وسائل اور ماحول کو آلودہ کردیا ہے۔کاربن ڈائی آکسائیڈ کی بڑھتی مقدار، سمندری طوفانوں میں اضافہ، بارش کا عدم توازن، درختوں کے کٹاؤ کے باعث مٹتے جنگلات اور آلودگی کے باعث پھیلنے والی عجیب نوعیت کی بیماریوں کے باعث ماہرین ماحولیات و تعمیرات سنجیدگی سے ماحول دوست اقدامات کرنے پر زور دے رہے ہیں۔اسی لیے دنیا بھر میں تعمیراتی شعبے کا رجحان بھی اب ماحول دوست مکانات کی تعمیر کی جانب ہوتا جارہا ہے۔ 

اب انسان کو یہ احساس شدت سے ستا رہا ہے کہ کھلے آسمان سے آنے والی سبک ہوا کے بغیر چہار اطراف بند دڑبے نما مکانات میں زندگی کی سانس نہیں لی جاسکتی۔ تعمیراتی مٹیریل میںگارے، لکڑی، پتھر، اسٹیل اور شیشے کا استعمال پہلے سے کہیں بڑھ گیا ہے۔ ساتھ ہی چاروں طرف سے خالی جگہوں کو گھیر کر تعمیرات کرنا بھی عام ہوتا جارہا ہے۔ 

آبادی کے بے تحاشا دباؤ نے کم جگہ پر کشادہ اور ماحول دوست تعمیراتی ڈیزائن کو مستقبل کی امید قرار دیا ہے، جس کے تحت انسان اپنے جمالیاتی ذوق کا مظاہرہ کرکے اپنے لیےصحت مند گھروندہ بنا سکتا ہے۔ کچھ ایسا ہی مظاہر آپ درج ذیل ماحول دوست مکانات میں ملاحظہ کرسکتے ہیں، جنھیں مستقبل کا طرزِ تعمیر قرار دیا جا رہا ہے۔

کیٹرپلر ہاؤس

کیٹرپلر ہاؤس 12ری سائیکل کنٹینروں کا استعمال کرکے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس میں تفریحی سرگرمیوں اور رہائش کے غیر متوقع استعمال کو بہت ہی متاثر کن نظریات کے ساتھ لاگو کیاگیا ہے۔ گھر کو غیر فعال کولنگ سسٹم استعمال کرتے ہوئے ٹھنڈا کیا جاتا ہے جیسا کہ کھلی فضا کے باعث آنے والی سرد ہوا استعمال کرتے ہوئے ایئر کنڈیشنگ کی ضرورت سے بچا جاسکتا ہے۔

میتھڈ ہومز

میتھڈ ہومز (Method Homes) پائیدار تیار شدہ مکانات کے تصورات کے لئے مشہور ہیں۔ جدید تین منزلہ ٹاؤن ہومز کی یہ سیریز مستقبل میں ویسٹ سیٹل کے باشندوں کے لیے جینے کی مسحور کن امید لائی ہے۔ پری فیب کنسٹرکشن نے ہمیں مٹیریل کو ضائع ہونے سے بچانے اور لیڈانرجی اسٹار کے دانشمندانہ استعمال کی راہیں ہموار کرتے ہوئے تعمیرات کو فطرت سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ایکو کیپسول

ایکوکیپسول کو ایک جگہ بسنے کے لئے آزاد متبادل کے طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اسے آپ جدید خیمہ گاہ بھی کہہ سکتے ہیں،جس میں شمسی توانائی، ہوا اور بارش کے پانی کو دانشمندانہ طریقے سے استعمال میں لایا جاتا ہے۔ ایکو کیپسول کو کسی بھی پُرفضا مقام پر لے جاکر فطرت سے لطف اندوز ہوا جاسکتا ہے۔

اسکائی گارڈن ہاؤس

چار منزلہ اسکائی گارڈن ہاؤس شاندار فن تعمیر اور پرسکون باغات کے ذریعے ڈیزائن کو فطرت سے جوڑتا ہے۔ سنگاپور میں بنایا گیا یہ گھر گز آرکیٹیکٹس نے تیار کیا ہے، جو پائیدار مواد کے استعمال اور گھر کی اندرونی اور بیرونی جگہوں کے مابین تعلق قائم کرنے کے لئے باغات کو استعمال کرنے کے حوالے سے مشہور ہے۔

خم دار مکان

خم دار مکان(The Curved House) کو باہر سے دیکھیں گے تو یہ کسی طور آپ کو متاثر نہیں کرے گا لیکن جب آپ اندر داخل ہوں گے تو زندگی اپنی مکمل رعنائیوں کے ساتھ جگمگاتی ہوئی نظر آئے گی۔ مختصر مدت میں امریکا کے قلب میں جدید ڈیزائن کا متاثر کن پورٹ فولیو رکھنے والی آرکیٹیکچر فرم ہفٹ پروجیکٹس نے اس منفرد گھر کا ڈیزائن بنایا ہے۔ کینساس سٹی میں واقع اس فرم نے خم دار مکان کی ڈیزائننگ کے ہر مرحلے میں استحکام پر غور کیا ہے، خاص طور پر چھت پر لگے سولرپینل، جیوتھرمل سسٹم اورریڈئنٹ فلور ہیٹنگ پر خاص توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

موبائل ہاؤس

شمسی توانائی سے چلنے والے اس موبائل ہاؤس کے ذریعے چھوٹے گھر کی ضرورت کو پورا کیا گیا ہے۔ F9پروڈکشنز کےڈیزائن کردہ اس گھر میںآرام و تفریح کا یکساں خیال رکھا گیا ہے۔ اس انوکھے ڈیزائن میں کافی شاپ بھی ہے،جہاں آپ اہلِ خانہ کے ساتھ مل کر بیرونی تفریح کا اہتمام بھی کر سکتے ہیں۔

فلوٹنگ ہاؤس

فلوٹنگ ہاؤس فنکارانہ صلاحیتوں اور لگژری ڈیزائن کا حسین سنگم ہے۔ اس گھر کو پائیداری کے اعلیٰ ترین معیار اور فطرت کے ساتھ ہموار رابطے کے خیال کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس گھر کی تعمیر سنگاپور کے ڈیمرمیلسیو نےکی ہے،جن کے ڈیزائنز میں پائیدار دفتری ڈیزائن ، ریستوران اور رہائشی جگہوں کے منفرد تعمیراتی تصورات شامل ہوتے ہیں۔

دی ولا

معروف آرکیٹیکچر اسٹوڈیو ’اسٹوڈیو لائبس کائنڈ‘ نے پیرامڈ کی شکل کے آئیکونک تعمیراتی ڈھانچے بنائے ہیں، جن میں سے ایک ’دی ولا‘ بھی ہے۔ ہر چند کہ یہ ولا طویل المنزلہ عمارتوں کی طرح نہیں ہے لیکن اس کے ماحول دوست ڈیزائن نے کافی توجہ حاصل کرلی ہے۔ پری فیب ہوم ڈیزائن دنیا میںکہیں بھی پہنچائے جاسکتے اور ایک ماہ کے اندر ان کا مٹیریل ایسمبل کیا جاسکتا ہے۔’دی ولا‘پائیدار موادسے تعمیر کیا گیا ہے اوراسے جیوتھرمل ، بارش کے پانی کی ذخیرہ اندوزی اور شمسی توانائی جیسی ٹیکنالوجیز کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔

منی موڈ

اس سادہ سے جمالیاتی ڈیزائن کو کسی بھی جگہ رکھا جاسکتا ہے۔ میگا آرکیٹیکٹس نے اسٹیل فریم اور پائیدار لکڑی کا استعمال کرتے ہوئے یہ پری فیب یونٹ تشکیل دیا ہے جبکہ چھت کو ہری گھاس سے سجاکر فطرت کے رنگ میں ڈھال دیا ہے۔

اکراس بلڈنگ

سبزے کی بہار میں گھری یہ حیران کن ماحول دوست عمارت گرین روف پروجیکٹ کے حوالے سے انفرادیت کی حامل ہے۔ ایک طرف سے یہ شیشے کے دروازوں سے بنی روایتی عمارت نظر آتی ہے تودوسری جانب بڑی بالکونی نما چھت دکھتی ہے، جو باغ سے منسلک ہے۔ سرسبز باغ میں 76انواع کے 35ہزار پودے لگائے گئے ہیں۔ بڑی نیم دائرہ نما ایٹریم اور مثلث نما لابی سبزے کا امتزاج پیش کرتی ہے۔ یہاں سمفنی ہال،دفاتر اور دکانیں ہیں۔

تازہ ترین