کوونٹری نماہندہ جنگ
کوونٹری مسلم ریسورس سینٹر کے زیر اہتمام کشمیریوں کے ساتھ یوم سیاہ کشمیر کے اظہارکے لیے گزشتہ دنوں ریلی منعقد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں کوونٹری کی مقامی شخصیات، بزرگوں، بچوں اور نوجوانوں نے شرکت کر کے یہ ثابت کر دیا کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہی انسانیت ہے ۔کوونٹری مسلم ریسورس سینٹر کے سابق چیئرمین محمد یونس منہاس نے کہا کہ نوجوانوں کا ولولہ اور جوش دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ انصاف کے حصول اور ظالم کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے کسی عمر کی قید نہیں اور نہ ہی کسی رنگ و نسل اور ملک و قوم کی پابندی ہے ،ہمیں صرف اور صرف انسانیت کے لیے کھڑا ہونا ہے۔
انھوں نے کہا کہ بھارت نے جنت نظیر کشمیر کو دوزخ بنا دیا ہے اور غیر اعلانیہ جنگ شروع کر رکھی ہے عالمی طاقتیں نوٹس لیں۔ حاجی مبارک کیانی چوہدری اللہ دتہ نے کہا کہ آج دنیا بھر کے افراد بھارت کے مزموم مقاصد کو دنیا کے ہر شہر اور گلی میں بے نقاب کر رہے ہیں ،لیکن افسوس ظالم بھارت ٹس سے مس نہیں ہو رہا ۔مودی ایک ظالم حکمران ہے، جس کے نزدیک ظلم کرنا ہی انسانیت ہے۔چوہدری مشتاق دین اور چوہدری شہزاد نے کہا کہ کوونٹری کا جوش ولولہ دیدنی ہے۔ ہر بچہ بھارت کے خلاف مظاہرہ کرنے کو تیار ہے کیونکہ بھارت نے انسانیت کی دھجیاں بکھیر دی ہیں ۔مسلم ریسورس سینٹر کے جنرل سیکریٹری راجہ اصغر نمبل نے کہا کہ کوونٹری مسلمُ ریورس سینٹر نے ہر مقام اور ہر سطح پر کشمیریوں کی حمایت کی آج سینٹر کی آواز پر عوام کی ایک بڑی تعداد ہمارے ساتھ نکلی جو ایک اہم پیش رفت ہے عوام انسانیت کے خلاف ہونے والے اقدامات کے خلاف اٹھ کھڑے ہیں۔
دریں اثناء بسوں کی لندن روانگی سے قبل حاجی مبارک کیانی اور چوہدری اللہ دتہ نے بھارت کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں فلک شگاف نعرے لگا کر ماحول گرما دیا۔ معززین شرکاء نے اس موقعے پر کہا کہ لندن مظاہرہ ایک کامیاب مظاہرہ ہے اس سے عالمی طاقتوں کو جھنجھوڑنے میں مدد ملے گی ۔برطانیہ کو چاہیے کہ وہ جنوبی ایشیا میں امن اور خوشحالی کے لیے کردار ادا کرے اور مسئلہ کشمیر حل کروائے۔چوہدری محمد ظہیر یونس نے کہا کہ مظاہرے میں نوجوانوں کی بڑی تعداد اس بات کا ثبوت ہے کہ مسئلہ کشمیر نہ صرف حل طلب ہے بلکہ دنیا میں اجاگر ہو چکا ہے ،یہی وجہ ہے کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد دیکھنے کو ملی جو انسانیت کا دفاع کرنے اور امن کے خواہاں ہیں ۔
بھارت مسئلہ کشمیر حل کر کے خطے میں امن اور خوشحالی لا سکتا ہے، لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ وہ انسانیت کا قتل کرنے کا شوق اور مزاج رکھتا ہے۔ عالمی طاقتیں بھارت کو سمجھیں اور خطے میں امن کے لیے بھارت کو شٹ اپ کال دیں۔ وگرنہ دیر ہو جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ آج لندن مظاہرہ ایک کامیاب مظاہرہ تھا ۔مودی کی نیندیں اڑ گئی ہیں اسے اب ہوش کے ناخن لینا ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو گا۔