پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے وفاقی وزیر فواد چوہدری کے ’حلوہ مارچ‘ کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
کراچی میں ایکسپو سینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ فواد چوہدری گیدڑ بھبھکیاں نہ دیں، ہمارے سینے کھلیں ہیں، ہمت ہے تو گولی چلا کر دکھائیں۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ وفاقی وزیر ایسے بیانات دے کر عمران خان کو اور رسوا اور خوار کر رہے ہیں۔ عوام جمہوریت چاہتےہیں، ہم سب چاہتے ہیں کہ جمہوریت چلے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان مشرف کے چمچے ہیں اس لیے آمرانہ طرز پر حکومت کر رہے ہیں۔
اُن کا کہنا ہے کہ عمران خان بھی مشرف کی طرح استعفیٰ دے دیں گے۔ سیاسی جماعتیں دھمکیوں سے ڈرنے والی نہیں ہیں اگر ڈرنے والے ہوتے تو سڑکوں پر نہ نکلتے۔
نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ اب میدان سج چکا ہےاور حکومت اکیلی کھڑی ہے۔ باقی سیاسی مقابلے تو ہوتے رہتے ہیں آئندہ بھی ہم سیاسی مقابلےکریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر اگر ٹرین سانحے کا ذمہ دار مسافروں کی غلطی قرار دیں گے تو عوام ان کے ساتھ ایسا ہی سلوک کریں گے جیسے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ساتھ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ حلوہ مارچ کے دوسرے دن ہی بدبو سے پشاور موڑ کے گردو نواح میں تعفن پھیل گیا ہے، مارچ کے شرکاء حلوے کھانے کے بعد صفائی کا انتظام بھی خود کریں ۔