• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہلی میں آلودگی، بنگلہ دیش کیلئے دورہ وبال بن گیا

بنگلہ دیشی کپتان محمود اللّٰہ ریاض کی جانب سے معاملہ چھپائے جانے کے باوجود کوچ رسل ڈومنگو نے نئی دہلی کی فضا میں موجود آلودگی سے کھلاڑیوں کو ہونے والی پریشانی سے پردہ اٹھادیا۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم اس وقت دورۂ بھارت کے لیے نئی دہلی میں موجود ہے جہاں اس وقت فضائی آلودگی انتہائی درجے تک خراب ہے جس کی وجہ سے اس کے لیے یہاں کا دورہ وبال بن گیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی ٹیم اس وقت نئی دہلی میں مقیم ہے، جہاں اسے بھارت کے خلاف سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں نبردآزما ہونا ہے۔

مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کے پاس اس وقت کوئی راستہ نہیں ہے کیونکہ ایک روز بعد اُنہیں بھارت کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں مقابلہ کرنا ہے جس کے لیے ٹریننگ سیشن ضروری ہے۔

نئی دہلی کی فضا میں آلودگی کی وجہ سے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے چہرے پر ماسک پہنچ کر ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔

لٹن ڈار، شفیع الاسلام، امین الاسلام اور بولنگ کوچ ڈینیئل وٹوری نے ماسک پہنچ کر ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا تاہم بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللّٰہ ریاض کا کہنا تھا کہ خراب کنڈیشن کے باوجود کوئی بھی کھلاڑی متاثر نہیں ہوا ہے۔

خیال رہے کہ نئی دہلی اس وقت سال کی سب سے خراب صورتحال سے دوچار ہے جس کے حوالے سے حکام کا کہنا تھا کہ جمعہ کے روز شہر میں ایمرجنسی کی صورتحال تھی۔

شہر میں تمام تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا تھا جبکہ انتظامیہ کی جانب سے کچھ پابندیاں بھی لگادی گئیں تھیں۔

ادھر محمود اللّٰہ ریاض کا کہنا تھا کہ ہم نے اس کنڈیشن کے حوالے سے بات چیت کی ہے، کیونکہ یہ ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے، تاہم کھلاڑی ان کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کر رہے ہیں اور ان کی تمام توجہ کھیل اور جیت پر ہے۔

بنگلہ دیشی کپتان کا مزید کہنا تھا کہ تمام کھلاڑی بالکل صحت مند ہیں۔

دوسری جانب بنگلہ دیش کے کوچ رسل ڈومنگو نے اپنے خدشات کا اظہار کیا اور اعتراف کیا کہ کچھ کھلاڑیوں کو جمعہ کی پریکٹس کے بعد آنکھوں میں جلن اور گلے میں خرابی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

کپتان محمود اللّٰہ نے کہا کہ جب ہم یہاں آئے تو یہاں اسموگ تھا، ہم جانتے ہیں لیکن کھلاڑیوں نے گزشتہ تین روز کے دوران پریکٹس کی ہے۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیشی ٹیم کو دورہ بھارت کے دوران اسٹار آل رؤنڈر شکیب الحسن کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔

چند روز قبل ہی شکیب الحسن پر بکیز کے رابطے رپورٹ نہ کرنے کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے باعث انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے 2 سالہ پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔

شکیب الحسن بنگلہ دیشی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان تھے، تاہم ان کی غیر موجودگی کی ہنگامی بنیادوں پر محمود اللّٰہ ریاض کو ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا گیا۔

محمود اللّٰہ ریاض نے شکیب الحسن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان سے اب بھی اتنی ہی محبت رکھتے ہیں جتنی پہلے رکھتے تھے، کیونکہ ان سے غلطی ہوئی ہے، کوئی جرم نہیں ہوا ہے۔

دوسری جانب بھارتی ٹیم کے کپتان روہیت شرما نے نئی دہلی میں آلودگی سے متعلق کسی بات پر تبصرہ نہیں کیا جبکہ وہ اپنی ٹیم کی آئندہ برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں سے متعلق بات کرتے رہے۔ 

تازہ ترین