جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما اکرم خان درانی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ لائحہ عمل کے تحت اجتماعی استعفے زیر غور آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سے استعفے کے مطالبے پر قائم ہیں، اس کے علاوہ ہم سے رابطہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اکرم خان درانی نے کہا کہ ہم حکومت سے رابطہ کرنے سے خائف نہیں ہیں، مگر عمران خان نے جو تنقیدی تقریر کی تھی وہ نامناسب ہے، وزیر اعظم کا لب و لہجہ مناسب نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ رہبر کمیٹی اجلاس میں مختلف تجاویز پر بات ہوئی ہے جس میں پارلیمنٹ سے استعفے اور ملک میں پہیہ جام ہڑتال شامل ہے۔
اکرم خان درانی نے کہا کہ لاکھوں لو گ ہمارے قافلے میں شامل ہیں مگر ایک پتہ بھی نہیں ٹوٹا، مگر حکومت ٹرانسپورٹروں کو ہمیں گاڑیاں دینے سے منع کررہی ہے، ہمارے جو لوگ زخمی ہوئے ہیں، انہیں اسپتال میں داخل نہیں کیا جارہا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے جو معاہدہ کیا ہے اس پر اب بھی بر قرار ہیں، پہل حکومت کی طرف سے کی گئی ہے۔