• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

پہلا ٹی 20 انٹرنیشنل، بارش نے پاکستان پر شکست کا داغ لگنے سے قبل دھو دیا

 سڈنی (جنگ نیوز) سڈنی میں ہونے والی بارش نے پاکستانی کرکٹ ٹیم پرمیزبان آسٹریلیا کے ہاتھوں پہلے ٹی 20 انٹر نیشنل میں یقینی شکست کا داغ لگنے سے قبل ہی دھودیا۔ 

پہلا میچ بارش کی نذر،  دوسرا ٹی20 انٹرنیشنل منگل کو کینبرا میں کھیلا جائے گا


پاکستانی کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کی۔ فخر زمان ،آصف علی اور عماد وسیم پھر ناکام رہے۔ محمد عرفان کو37 سال کی عمر میں ٹیم میں شامل کرکے سرپرائز پیکیج کا نام دیا گیا لیکن انہوں نے ایک اوور میں26 رنز دے دیئے اور مکمل آف کلر لگے ۔ فخر زمان نے گولڈن ڈک حاصل کیا۔ عماد وسیم بھی پہلی گیند پر کیچ ہوگئے۔ اتوار کو پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔ ٹاس کے فوری بعد ہلکی بارش شروع ہوگئی ، میچ کچھ تاخیر سے شروع ہوا۔ آسٹریلیا نے 119رنز کے ہدف کے تعاقب میں 3.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان 41رنز بنائے تھے کہ بارش کے باعث میچ کو روک دیا گیا جو دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ اس سے قبل پاکستان نے 15اوورز میں 107رنز بنائے تھے۔ بارش کے باعث میچ 15اوورز تک محدود کرکے کینگروز کو ڈک ورتھ لیوس میتھڈ کے تحت 119رنز کا ہدف دیا گیا۔ پہلی دو وکٹیں گرنے کے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 60 رنز بنائے۔ رضوان 33گیندوں پر31رنز بنا کرایشٹن ایگر کا شکار بنے۔ انہوں نے ایک چھکا اور ایک چوکا مارا۔ بابر اعظم نے پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 59رنز 38گیندوں پر بنائے ۔ مچل اسٹارک اور کین رچرڈسن نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اگر بارش رکنے سے قبل آسٹریلوی ٹیم 5اوورز کھیلنے میں کامیاب ہوجاتی تو پاکستان کی شکست یقینی تھی کیونکہ میزبان ٹیم کو 5اوورز میں 34رنز بنانے تھے یہ ہدف وہ تیسرے اوور میں ہی حاصل چکے تھے۔ کپتان ایرون فنچ نے 37اور ڈیوڈ وارنر نے 2رنز بنائے۔ ساڑھے تین سال بعد ٹیم میں واپسی کرنے والے محمد عرفان مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے، آسٹریلوی کپتان فنچ نے عرفان کے ایک ہی اوور میں 26رنز بنا ڈالے۔ فنچ نے پہلی گیند پر چھکا، دوسری اور تیسری گیند پر مسلسل 2 چوکے لگائے ۔ عرفان نے چوتھی گیند نو بال کردی جس پر پھر بیٹسمین کو 4 رنز ملے، اگلی 4گیندوں پر ایک چھکے، ایک چوکے اور سنگل کے ساتھ ایرون فنچ نے ایک اوور میں 26رنز بنائے۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ میچ کے آغاز سے ہی قومی ٹیم مشکلات کا شکار رہی۔ 12ویں اوور کے دوران 3کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔ کپتان بابر اعظم اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن فخر پہلے اوور کی دوسری بال پر کوئی رن بنائے جبکہ حارث سہیل دوسرے ہی اوور میں 4رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور بابر اعظم نے60رنز کی شراکت قائم کی۔ 12ویں میں بارش کے سبب کھیل روک دیاگیا تھا۔ اس وقت قومی ٹیم نے 3وکٹ پر 88رنز بنائے تھے۔ بارش رکنے کے بعد میچ کے دوبارہ آغاز پر آصف علی11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ نئے بیٹسمین عماد وسیم پہلی ہی گیند پر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوگئے۔ افتخار احمد ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ کپتان بابر اعظم نے 59رنز بنائے۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل منگل کو کینبرا میں کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین