لندن (سعید نیازی) پاکستان میں دنیا کی12بلند ترین چوٹیاں اور انتہائی حسین مقامات ہیں اور وہاں کے لوگ انتہائی مہمان نواز ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایکسل لندن میں سیاحت کے عالمی میلے ورلڈ ٹریول مارکیٹ میں لگائے گئے پاکستانی پویلین پر موجود افراد نے کیا۔ پویلین کا افتتاح گلگت بلتستان کے گورنر راجہ جلال حسین نے صوبائی وزراء اور پاکستان ہائی کمشنر نفیس زکریا نے کیا۔ ورلڈ ٹریول مارکیٹ میں147ممالک کے پویلین موجود ہیں اور یہ6نومبر تک جاری رہے گا۔ پاکستانی پویلین پر موجود ٹور آپریٹر شرکا کو پاکستان کے خوبصورت مقامات کے متعلق معلومات فراہم کرتے رہے۔ اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین نے کہا کہ وفاقی حکومت کی سیاحت و ویزا کے سبب سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان دنیا کے حسین ترین مقامات میں سے ایک ہے، جس کے نظارے دیکھ کر لوگ دنگ رہ جاتے ہیں۔ سیاحوں کی تعداد میں گزشتہ برس کی نسبت زبردست اضافہ ہوا ہے۔ رواں برس15لاکھ سیاح آئے، ان میں سے19ہزار غیر ملکی سیاح تھے۔ خیبر پختونخوا کے وزیر سیاحت و ثقافت عاطف خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی مرتبہ سیاحت کو ایک سیکٹر کے طور پر لیا ہے کیونکہ سیاحت میں بہت زیادہ مواقع موجود ہیں۔ دنیا میں متعدد ممالک صرف سیاحت کے شعبہ پر چل رہے ہیں۔ ہمارے ملک کو اللہ تعالیٰ نے بے انتہا خوب صورتی سے نوازا ہے۔ پاکستان کی ثقافت اور تہذیب بھی بہت خوبصورت ہے، موسیقی بھی اوورسیز سے آنے والوں کو بہت پسند آتی ہے۔ ملک میں پہلے امن و امان کا مسئلہ تھا، اس پر بھی قابو پالیا گیا ہے۔ پاکستان کے تاثر کو بھی مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان جو بھی آتا ہے وہ لوگوں سے بہت متاثر ہوتا ہے کہ یہ تو بہت محبت کرنے والے لوگ ہیں۔ گلگت بلتستان کے وزیر ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ ہمارے علاقے کا امن مثالی ہے۔ گلوبل پیس انڈیکس کے مطابق گلگت بلتستان کا علاقہ پاکستان بھر میں سب سے زیادہ پرامن ہے۔ وہاں کبھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور لوگ وہاں پورے اعتماد کے ساتھ آسکتے ہیں۔ آزاد کشمیر کے وزیر سیاحت مشتاق منہاس نے کہا کہ ہم یہاں پر آنے والے افراد کو پاکستان کتنا خوبصورت اور پرامن ملک ہے، پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا نے کہا کہ یہ سیاحت کے حوالے سے دنیا کا سب سے بڑا ایونٹ ہے اور پاکستان کی اس میں شمولیت خوش آئند ہے۔ ایسی کاوشیں مسلسل جاری رہنی چاہئیں۔ پاکستان میں سیاحت کے حوالے سے بے تحاشہ مواقع موجود ہیں، جہاں سیاحت کے حوالے سے کئی نئے مقامات تلاش کیے جاسکتے ہیں۔ پاکستان کی کئی قدیم تہذیب بھی موجود ہیں۔ مختلف مذاہب کا ورثہ بھی موجود ہے اور اب سکھ کمیونٹی کے لیے کرتار پور راہداری بھی کھول دی گئی ہے، جس کا سکھ کمیونٹی کی طرف سے زبردست خیرمقدم کیا جارہا ہے۔سیکرٹری ٹورازم خیبر پختونخوا کامران خان نے کہا کہ صوبے میں سیاحت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور اس سیاحت کے فروغ کے لیے نئے زونز تعمیر کیے جائیں گے۔ باقاعدہ قانون سازی کے ذریعے ایک اتھارٹی بنائی گئی ہے۔ وہ سیاحت کے تمام شعبوں کی نگرانی کرے گی۔ خیبر پختونخوا میں اب مکمل امن ہے، بہتر ہوگا کہ لوگ خود آکر مشاہدہ کریں۔ نئی قانون سازی کے مطابق ٹور ازم پولیس بھی تشکیل دی جارہی ہے تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ ہو۔ ٹور آپریٹر نیک نام کریم نے کہا کہ پہلے پرائیویٹ سیکٹر اصل ’’پلیئرز‘‘ ہوتے تھے لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ اب پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کم اور حکومتی حکام زیادہ ہیں۔ ٹور آپریٹر ایوب خان نے کہا کہ وہ وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے جن کی ویزا پالیسی کی بدولت پاکستان بھر میں سیاحوں کی تعداد بڑھی ہے اور برطانوی شاہی جوڑے کی برطانیہ آمد سے بھی پاکستان کے مثبت تاثر میں اضافہ ہوا ہے۔ فیڈرل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر قربان علی نے کہا کہ دنیا کی2بلند ترین چوٹیاں گلگت بلتستان میں ہیں۔ شرکا ٹور آپریٹرز کی طرف سے گلگت بلتستان کی سوغاتیں بھی پیش کی گئیں۔