• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا: اسکول بیگ ایکٹ 2019ء کا حتمی مسودہ

خیبرپختونخوا: اسکول بیگ ایکٹ 2019ء کا حتمی مسودہ


صوبائی حکومت نے خیبر پختونخوا اسکول بیگ ایکٹ 2019ء کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دیدی ہے۔ ایکٹ کے نفاذ سے اسکول کے بچوں کو بھاری بیگز سے نجات مل جائے گی۔ بل میں ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پانچ لاکھ جرمانہ سمیت دوسری سزائیں دینے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے اسکول بیگز بل 2019 کے مسودہ کو حتمی شکل دے دی ہے ۔ مجوزہ بل کے مسودے کے مطابق کتابوں سمیت اسکول بیگ کا وزن بچے کے وزن کے 10 فیصد سے زیادہ نہیں ہوگا۔ اسکول بیگز میں استعمال کئے جانے والے کپڑے کا معیار اور وزن کو بھی دیکھنا لازمی ہوگا جبکہ تعلیمی ادارے طلباء کو کتابیں، نوٹ بکس اور غیرنصابی سامان رکھنے کے لئے لاکرز فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔ کتابوں، نوٹ بکس اور ورک بکس کا وزن بھی کم کیا جائے گا۔

مجوزہ مسودے کے مطابق صوبائی حکومت محکمہ تعلیم کی مشاورت سے ہلکے اور معیاری کاغذ پر چھپائی کرے گی۔ اسی طرح وزن کم کرنے کے لئے مختلف مضامین اور کورسز کو بھی یکجا کیا جائے گا، سرکاری اسکولوں میں آئی ایم یو بیگز کے مقررہ وزن جبکہ نجی تعلیمی اداروں میں پرائیویٹ اسکول  ریگولیٹری اتھارٹی بیگز کے وزن کو یقینی بنائے گا۔

بل کے مطابق طلباء کو رف عمل کے لئے تختی اور سلیٹ کے استعمال کو دوبارہ متعارف کرانا اسکول پرنسپلز اور ہیڈماسٹرز کی ذمہ داری ہوگی جبکہ خلاف ورزی پر سرکاری اسکولوں کے پرنسپلز اور اساتذہ کے خلاف کارروائی ہوگی۔

مجوزہ ایکٹ کی خلاف ورزی پر نجی تعلیمی ادروں کو 5 لاکھ روپے تک جرمانہ اور رجسٹریشن ختم کی جا سکے گی۔ قانون کا اطلاق تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں پر ہوگا۔

تازہ ترین