کوہاٹ ......کوہاٹ میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بنا دیا گیا ، سرحدی علاقے سپاہ میں سیکیورٹی فورسز نے بھاری اسلحہ برآمد کر کے ایک مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا ۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کوہا ٹ اور لوئر اورکزئی کے سرحدی علاقے سپاہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر فرہاد نامی مبینہ دہشت گرد کے گھر پر چھاپہ مارا،جس کے دوران اس کے گھر سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے دہشت گرد گرفتار کر لیا گیا ۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق برآمد کئے گئے اسلحہ میں متعدد مارٹر گولے ، مشین گن کے ہزاروں راؤنڈز ، ہتھیا ر ، مختلف بور کے ہزاروں کارتوس ،راکٹ لانچر ز اور اس کے گولے اور دیگر اسلحہ شامل ہے۔
سیکورٹی ذرائع کا مزید کہناتھاکہ مبینہ دہشت گرد کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ، اسلحہ دہشت گردی میں استعمال کیا جانا تھا ۔