• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کی حکومت نے مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں خریداری کا آن لائن نظام رائج کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے، بلاشبہ مستحسن اور حوصلہ افزاء اقدام ہے، وزیراعظم عمران خان نے روز مرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں ہدایت دی ہے کہ قیمتیں قابو میں رکھنے کیلئے تمام ممکنہ انتظامی و دیگر اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس میں قیمتوں کی موجودہ صورتحال اور انہیں قابو میں رکھنے کیلئے بہت سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا؛ تاہم عام مشاہدے میں آیا ہے کہ مارکیٹوں اور سرکاری عہدوں پر فائز بعض منفی عناصر و اہلکار خود انہیں کامیاب نہیں ہونے دیتے جس سے حالات میں مزید بگاڑ پیدا ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس وقت خیبر سے کراچی تک گراں فروشی نے عوام الناس کو پریشان کر رکھا ہے، سبزی ترکاری سے لیکر آٹا، چینی، گھی، مرغی، انڈے، گوشت، دودھ، دہی تک ہر چیز کی قیمتوں کو پَر لگے ہوئے ہیں اور وہ آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ متذکرہ اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے تحت عوام الناس کو اشیاء کی قیمتوں سے متعلق بنائی جانے والی آن لائن ایپلی کیشن ’’درست دام‘‘ کے عنوان سے موبائل فون کی صورت میں لوگوں کے گھر کی دہلیز تک پہنچائی جائے گی۔ اس نظام کو سرِدست ایبٹ آباد، پشاور، مردان، ڈی آئی خان، راولپنڈی، ملتان اور لاہور میں متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ متذکرہ شہروں سے تعلق رکھنے والے صارفین آن لائن قیمتیں دیکھ کر خریداری کر سکیں گے۔ ان اقدامات کے باوجود ذخیرہ اندوزی اور چور بازاری کی شکل میں بعض قباحتوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا خصوصاً سماج دشمن عناصر اس نظام کو ناکام بنانے کی کوشش بھی کریں گے۔ اس کیلئے حکومت اور متعلقہ شہروں کی انتظامی مشینری کو نہایت موثر کردار ادا کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھنی چاہئے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین