• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

IMF کے پرانے اہداف مکمل، نئی گائیڈ لائنز جاری، اگلی قسط کی منظوری

اسلام آباد (جنگ نیوز، خبرایجنسی) IMF حکومتی کارکردگی سے مطمئن، پاکستان نے پرانے اہداف مکمل کرلیے، نئی گائیڈ لائنز دیدی گئیں،آئی ایم ایف نےاگلی قسط دینے کا اعلان کردیا، مشکل حالات کے باوجودپروگرام پر بہترعمل ہوا، اندرونی بیرونی خسارے کم ہوگئے،دہشتگردوں کی مالی معاونت روکنے کیلئےاقدامات کیےگئے۔

دوسری جانب حفیظ شیخ نے کہا ہےکہ پاکستان پہلے جائزے میں کارکردگی کے معیار پر پورا اترا ہے، معیشت مسلسل بہتر ہو رہی ہے، مزید بہتری آنے کی توقع ہے۔

تفصیلات کےمطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کو 45 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط جاری کرنے کا اعلان کردیا ہے، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سہ ماہی جائزہ مذاکرات ہوئےجس کے اختتام پرمشن نے مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات کی۔ آئی ایم ایف مشن نے 28 اکتوبر سے 8 نومبر تک پاکستان کا دورہ کیا، اس دوران انہوں نے وزیراعظم عمران خان، اقتصادی ٹیم اورصوبائی حکومتوں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

وزارت خزانہ کےمطابق مشن کے سربراہ نےمشکل حالات میں اہداف پورے کرنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی،آئی ایم ایف پاکستان کی معیشت کا اگلا جائزہ آئندہ برس سے شروع کرے گا۔ عبدالحفیظ شیخ سے ملاقات میں آئی ایم ایف کے وفد کی قیادت ارنسٹو امریزریگو نے کی،مشیر خزانہ نے مالیاتی ادارے کی تکنیکی، مشاورتی اور مالی مدد کی تعریف کی۔

آئی ایم ایف نے دورے کے اختتام پر اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہےکہ مشکل حالات کے باوجود پاکستان نے پروگرام پر بہتر عمل درآمد کیا، اندرونی اور بیرونی خسارے کم ہورہے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان نے دہشت گردوں کی مالی معاونت اور منی لانڈرنگ روکنے کیلئےمثبت اقدامات کئے ہیں،آنےوالے دنوں میں مہنگائی میں کمی کا امکان ہے۔ اعلامیے کےمطابق ایف اے ٹی ایف سفارشات پرعملدرآمد کیا جارہا ہے۔

جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے مشن کا دورہ پاکستان کامیابی سے مکمل ہو گیا، آئی ایم ایف نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان پہلے جائزے میں کارکردگی کے معیار پر پورا اترا ہے، معیشت مسلسل بہتر ہو رہی ہے، مزید بہتری آنے کی توقع ہے۔

مشیر خزانہ نے وزیراعظم عمران خان اور پوری معاشی ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا۔

تازہ ترین