مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے بھارت میں آج منعقد ہونے والے انڈیا اے آئی سمٹ میں شرکت کرنے سے انکار کر دیا، جس سے تقریب کو دھچکا پہنچا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بل گیٹس انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ میں اپنا طے شدہ مرکزی خطاب نہیں کریں گے۔
مائیکرو سافٹ کے شریک بانی کی جانب سے انڈیا اے آئی سمٹ میں شرکت سے انکار ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایونٹ پہلے ہی انتظامی خامیوں، ایک روبوٹ سے متعلق تکنیکی مسئلے اور وی آئی پی ٹریفک کی بندشوں پر مندوبین کی شکایات کے باعث تنقید کی زد میں ہے۔
گیٹس فاؤنڈیشن نے پروگرام میں تبدیلی کی تصدیق کردی۔ ان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بل گیٹس اپنا خطاب اس لیے نہیں کریں گے تاکہ توجہ اے آئی سمٹ کی بنیادی ترجیحات پر مرکوز رہے، تاہم ان کی جانب سے منسوخی کی کوئی تفصیلی وجہ بیان نہیں کی گئی ہے۔
بل گیٹس کے خطاب سے انکار اور اس کے بعد اینویڈیا کمپنی کے سی ای او جینسن ہوانگ کی جانب سے بھی اعلیٰ سطح کی شرکت منسوخ کیے جانے سے، اس سمٹ کا کامیاب ہونا مشکل نظر آ رہا ہے۔