• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم ای سی ایل میں رہیں گی، تیمارداری کیلئے بیٹے موجود، فیصل جاوید

کراچی (جنگ نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فیصل جاوید خان نے کہا کہ این آر اوز ماضی میں ہوتے تھے جس میں کیسز ختم ہوتے اور ڈیل پر دستخط ہوتے تھے۔

شوکت خانم اسپتال کے ڈاکٹرز بھی کہتے ہیں کہ نواز شریف کی صحت واقعی بہت خراب ہے ان کا بیرون ملک جانا ڈیل نہیں سوفیصد صحت کا معاملہ ہے، نواز شریف کی تیمارداری کیلئے بیٹے باہر ہیں،مریم نواز کا نام ای سی ایل سے ہٹانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہمارا معاشرہ بدقسمتی سے ہر چیز میں سازشی تھیوری تلاش کرتا ہے، غلام سرور خان کا ڈیل کا بیان افسوسناک ہے،مریم نواز کو بیرون ملک جانا ہوا تو قانونی راستہ اختیار کریں گے۔

سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمن شامی نے کہا کہ نواز شریف کی صحت اور مولانا فضل الرحمن کے دھرنے نے حکومت پر دباؤ بڑھایا،غلام سرور خان کی ڈیل کی بات عمران خان پر چارج شیٹ ہے،وفاقی وزیر نے تاثر دیا کہ ان کی حکومت نے جعلی میڈیکل رپورٹس بنا کر نواز شریف کو رہائی دلوائی ہے۔

جے یو آئی ف کے رہنما غفور حیدری نے کہا کہ ہمارا بنیادی مطالبہ وزیراعظم کا استعفیٰ ہے، حکومتی کمیٹی اراکین وزیراعظم کو یہ نہیں بتاتے تھے کہ اپوزیشن کا بنیادی مطالبہ ان کا استعفیٰ ہے، وزیراعظم کو اگر اپوزیشن کے مطالبہ کا علم تھا تو مذاکراتی ٹیم کیوں تشکیل دی۔

فیصل جاوید خان نے مزید کہا کہ نواز شریف کی صحت بہت خراب ہے میڈیکل بورڈ جو تجویز کرے گا وہ ماننا ہوگا، نواز شریف کے معاملہ پر عدالت کا فیصلہ طبّی بنیادوں پر ہے اس میں ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے غلام سرور خان نے جو کہا ان کی ذاتی رائے ہے،حکومت نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کرے گی، نواز شریف کے بیرون ملک جانے سے ہمارے بیانیہ کو کوئی دھچکا نہیں پہنچے گا۔

عمران خان کا یہ اللہ سے وعدہ ہے کہ کسی کو این آر او نہیں ملے گا، وزیراعظم کسی کو این آر او نہیں دیں گے، نواز شریف کے داماد اور بیٹے ان کی صحت پر سیاست کررہے ہیں، مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق کوئی عدالتی فیصلہ آیا تو اس کے مطابق ڈیل کیا جائے گا۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کی صحت بہت خراب ہے جتنی جلد نام ای سی ایل سے نکل جائے اچھا ہوگا۔

تازہ ترین