لاہور کے علاقے باٹا پور میں دیرینہ دشمنی پر دوگروپوں میں فائرنگ سے ایک راہ گیر سمیت پانچ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے، پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ڈیال گاؤں میں کچھ عرصہ قبل رفاقت اور نذیر گروپ میں فائرنگ ہوئی تھی، واہگہ پولیس نے فریقین کو صلح کےلیے طلب کیا تھا۔
ایک گروپ چوکی جارہا تھا کہ راستے میں گھات لگا کر بیٹھے دوسرے گروپ نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اعجاز، ظفر اور امجد موقع پر جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہوگئے جن میں سے دو اسپتال میں دم توڑ گئے، مرنے والوں میں ایک راہ گیر بھی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق پانچ ماہ قبل نذیرگروپ کے دو افراد کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج ہوا تھا جس پر فریقین کا دوبارہ جھگڑا ہوا تو رفاقت وغیرہ نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ پولیس نے مرکزی ملزم رفاقت اور اس کے ساتھی شفیع کو گرفتار کرلیا۔
وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔