• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک دن میں ایک ماہ کے برابر بارش، انگلینڈ میں سیلاب آگیا

لندن (پی اے) انگلینڈ میں گزشتہ روز شدید بارش نے معمولات زندگی درہم برہم کردیا۔ ایک ماہ کے دوران ہونے والی اوسط بارش ایک ہی دن میں ہوجانے کی وجہ سے انگلینڈ میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی، سیلابی ریلے سے متاثرہ علاقوں میں ریلوں کی روانگی منسوخ کرنا پڑی یا وہ تاخیر کا شکار ہوئیں، انگلینڈ اور ڈربی شائر کے علاقے سیلاب کی صورت حال سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، ایک خاتون کے میٹ لوک کے قریب واقع دریا میں بہہ جانے کی اطلاعات ہیں، شدید سیلاب کی 7 وارننگز جاری کی گئی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگوں کی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔ سیلابی ریلے کی وجہ سے ایسٹ مڈلینڈز کے میٹ لوک، ڈربی ناٹنگھم روٹ میں ٹرینوں کی آمدورفت بند کردی گئی ہے جبکہ ڈربی اور چیسٹرفیلڈکے درمیان ٹرینوں کو دوسری جانب موڑ دیا گیا، جس سے سفر کے وقت میں کم وبیش 30 منٹ کا اضافہ ہوگیا۔ ڈربی سٹی سینٹر پر دریائے ڈروینٹ سڑکوں پر آگیا، جس کی وجہ سے متعدد علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر نا پڑا۔ حکام کا کہنا ہے کہ پورے شہر کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ ڈربی شائر فائر اور ریسکیو سروس کا کہنا ہے کہ تمام پارٹنر ایجنسیاں رابطے میں ہیں اور ڈربی سٹی کو درپیش خطرات کے بارے میں باقاعدگی سے تبادلہ خیالات کر رہی ہیں، کیونکہ یہ حقیقی معنوں میں خطرہ ہے۔ ہم سٹی سینٹر کو خالی کراسکتے ہیں۔ اگر خوش قسمتی سے دریائے ڈان کا اتنا زیادہ پانی سڑکوں پر نہیں جتنا کہ خدشہ ہے تو تباہی کو ٹالا جاسکے گا۔ ڈربی کی سڑک کا بڑ ا روٹ اے 52 کو ایم ون اور شہر تک دونوں جانب سے بند کردیا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی اس سے ملحق بعض چھوٹی سڑکیں بھی بند کردی گئی ہیں۔ بیلپر ٹائون فٹبال کلب سے پانی نکالنے کا کام جاری ہے اور رضاکار اس کام میں مدد دے رہے ہیں۔ ناٹنگھم شائر میں کم وبیش 200 مکانوں اور دکانوں کو خالی کرائے جانے کے بعد سیلابی پانی کم ہونا شروع ہوگیا ہے۔ شیفیلڈ، ناٹنگھم شائر اور ڈونکاسٹر کے درمیان بہنے والے دریا کی سطح ریکارڈ 21 فٹ تک بلند ہونے کی اطلاع ہے، یہ سطح 2007 میں آنے والے سیلاب کی سطح سے زیادہ ہے۔

تازہ ترین