• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹڈی دل نے ملیر میں سبزی کی فصلوں کو جزوی نقصان پہنچایا

ٹڈی دل نے ملیر میں سبزی کی فصلوں کو جزوی نقصان پہنچایا


ٹڈی دل کی اُڑان سے کراچی کے شہری پریشان ہوگئے، دن کے وقت شہر کی فضا پر لاکھوں ٹڈیاں دندناتی رہیں،کہیں فصلوں کو کھایا، کہیں نیچی پرواز سے بچوں اور خواتین کو ڈرایا، کہیں مکانات کی چھتوں پر عارضی قیام کیا ، تو کہیں دیواروں سے چمٹ گئیں۔

حکام نے دِلاسا دیا ہے کہ کراچی میں ٹڈیوں کا پڑاؤ عارضی ہے اور یہ ایک دو دن میں بلوچستان کی طرف کوچ کرجائیں گی۔

کراچی کی فضاؤں پر ٹڈی دل چھاگیا، شہری اپنے سروں پر منڈلانے والی لاکھوں ٹڈیوں کو دیکھ کر گھبراگئے۔ ٹڈی دل نے ملیر میں سبزی کی فصلوں کو جزوی نقصان پہنچایا۔

ٹڈی دل نے ملیر کے علاوہ کورنگی،شارع فیصل ، بہادر آباد، حسن اسکوائر، فیڈرل بی ایریا، اسٹیڈیم روڈ اور دیگر مقامات پر بھی یلغار کی،کہیں ان کی پرواز اتنی اونچی تھی کہ چیل کوے انہیں کھا کھا کر تھک گئے اور کہیں اتنی نیچی کہ بچے اور خواتین خوفزدہ ہوگئے، ٹڈیوں کی بڑی تعداد کہیں مکانات کی چھتوں پر بیٹھی تو کہیں دیواروں سے چپکی نظر آئی۔

اس کے علاوہ اسکولوں اور اسپتالوں پر بھی ہلہ بولا، نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والا میچ بھی ان کی اچانک یلغار سے متاثر ہوا۔

صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے ٹڈیوں کو خوراک بنانے کا مشورہ دے ڈالا۔

صوبائی وزیرکا کہنا ہے کہ شہری گھبرائیں نہیں، ٹڈیوں کی کڑھائی بنائیں اور جم کر کھائیں۔

متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل مسلسل حرکت میں ہے اس لئے اسپرے کے ذریعے اسے ختم کرنا ممکن نہیں۔

تازہ ترین