کراچی میں پاک فضائیہ (پی اے ایف) کے جنگی میوزیم کے اندر انڈین ایئر فورس (آئی اے ایف) کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھمن کی ڈمی نصب کردی گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پاکستانی صحافی انور لودھی نے ابھی نندن کی ڈمی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاک فضائیہ نے اپنے میوزیم میں ابھی نندن کی ڈمی نصب کردی۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے مزید لکھا کہ اگر ابھی نندن کے ہاتھ میں ’فنٹاسٹک‘ چائے کا کپ بھی تھما دیا جاتا تو یہ ڈمی مزید دلچسپ ہوجاتی۔
یہ بھی پڑھیے: بھارتی پائلٹ ابھی نندن بھارت کے حوالے
دوسری جانب ابھی نندن کی ڈمی دیکھ کر جہاں پاکستانی اپنی فضائیہ کی قابلیت کو سراہ رہے ہیں وہیں بھارتی آگ بگولہ ہو گئے ہیں اور سوشل میڈیا پر دل کی بھڑاس نکالتے نظر آرہے ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق پاکستانی میڈیا اور برانڈز نے ابھی نندن اور اُن کے چائے کے کپ کا غلط استعمال کیاہے۔
رواں سال ہونے والے ورلڈ کپ کے دوران بھی پاکستان کی جانب سے ایک متنازع اشتہار جاری کیا گیا تھا جس میں ونگ کمانڈر ابھی نندن کی طرح نظر آنے والے شخص کو ہاتھ میں کپ لیے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈمی پر بنی ہوئی ابھی نندن کی تصویر رواں سال 27 فروری کو لی گئی تھی، جب پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارتی فضائیہ کو ناکوں چنے چبوا دیے تھے اور نا صرف ان کا مگ 21 طیارہ تباہ کیا تھا بلکہ ونگ کمانڈرابھی نندن کو بھی زندہ پکڑ لیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: ’ابھے نندن کو واپس لاؤ‘، بھارت میں چیخ پکار
پاک فوج نے بہادری کے ساتھ باوقار فورس ہونے کاثبوت دیتے ہوئے قیدی کے ساتھ نہ صرف اچھا سلوک کیابلکہ یکم مارچ کو اس کی بحفاظت واپسی بھی یقینی بنائی۔پاکستان کے اس اقدام کو دنیا بھرمیں سراہاگیاتھا۔