• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیویارک میں رہائش پزیر ایک شخص نے اپنی بیوی کو بھارتی فلموں کے ہیرو رہتک روشن کی مداح ہونے پر قتل کردیا اور ساتھ ہی اپنی جان بھی دے دی۔

رہتک روشن کی مداح شوہر کے ہاتھوں قتل


غیر ملکی میڈیا کے مطابق کوئینز میں رہائش پزیر 33 سالہ شخص دنیشور بدھیت بھارتی شہری ہے، اس کی بیوی رہتک روشن کو بے حد پسند کرتی تھی جس کی وجہ سے وہ سخت پریشان اور رہتک سے حسد کرتا تھا اور اسی بات کو لے کر اس کا بیوی سے معمولی جھگڑا ہو ا، اس نے اپنی 27 سالہ بیوی پر چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔ بعد ازاں اس نے خود کو پنکھے سے لٹکا کر خود کشی کر لی۔

نیو یارک میڈیا کے مطابق دنیشور مقامی نائٹ کلب میں کام کرتا تھا اور اس کا اکثر فلمی ہیرو کو پسند کرنے پر اپنی بیوی سے جھگڑا رہتا تھا، دوجوئے اس سے قبل کئی بار اپنے شوہر کے لڑائی، جھگڑے اور مار پیٹ کرنے سے متعلق پولیس میں شکایت بھی درج کروا چکی تھی ۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دوجوئے کی ایک دوست کا بتانا ہے کہ ’ دوجوئے ایک پڑھی لکھی، ذہین اور خوبصورت لڑکی تھی، وہ خود بہت اچھا کماتی تھی اور آزادی سے رہنا چاہتی تھی، مگر اس کا شوہر اس کی نوکری سے خوش نہیں تھا اور اُسے اس بات پر تنگ کرتا تھا، مار پیٹ کے ساتھ اسے اپنے کنٹرول میں رکھنا چاہتا تھا، دوجوئے ان حالات سے تنگ تھی مگر کبھی اپنے شوہر کے خلاف انتہائی قدم نہیں اُٹھایا تھا کیوں کہ وہ اس سے پیار کرتی تھی۔‘

دوجوئے کی دوست نے مزید بتایا کہ’دوجوئے رہتک کی ہر فلم دیکھنا چاہتی تھی، وہ اکثر گھریلو جھگڑے سے متعلق مجھ سے بات کیا کرتی تھی اور بتاتی تھی کہ وہ جب بھی گھر میں رہتک کے گانے سنتی یا اس کی فلمیں دیکھتی تو اس کا شوہر اس سے لڑتا تھا اور رہتک سے بے حد حسد کرتا تھا۔‘

پولیس کے مطابق دوجوئے اپنے شوہر سے تنگ آ کر گھر چھوڑ چکی تھی مگر اس کے شوہر نے اسے کچھ دیر کے لیے رکنے پر راضی کر لیا تھا، اس شام کو دوجوئے کی چھوٹی بہن کو اس کے بہنوئی کی جانب سے ایک میسیج ملا جس میں لکھا تھا کہ ’میں نے دوجوئے کو مار دیا ہے، گھر کی چابیاں گملوں میں رکھ دی ہیں۔‘ اس کے بعد دنیشور نے اپنی بیوی کی لاش کے قریب ہی خود کو لٹکا کر خود کشی کر لی۔

تازہ ترین