• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزادی مارچ رنگ لائیگا،حکومت کو چلتا کر کے ہی واپس جائینگے، عطا الرحمٰن

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جے یو آئی ف کے رہنما مولانا عطاء الرحمٰن نے کہا ہے کہ ایک مہینے میں آزادی مارچ رنگ لائے گا، حکومت کو چلتا کر کے ہی واپس جائیں گے، اپوزیشن جماعتیں پہلے دن سے ساتھ ہیں آخری دن تک ساتھ رہیں گی،حکومت اور انتظامیہ معاہدے کی پاسداری نہیں کررہی ہے، ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے حق میں نہیں ہوں، کیا ایک دفعہ پھر چیئرمین سینیٹ کی طرح ایک میلہ لگانا چاہتے ہیں۔وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال اور ن لیگ کے رہنما خرم دستگیر خان بھی شریک تھے جبکہ نمائندہ جیو نیوز وقار ستی نے آزادی مارچ سے براہ راست صورتحال بھی بتائی۔پروگرام میں نمائندہ جیو نیوز امین حفیظ کی وزیر داخلہ اعجاز شاہ سے گفتگو بھی دکھائی گئی، وزیرداخلہ اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا میڈیکل بورڈ اور ڈاکٹر کہتے ہیں نواز شریف بہت بیمار ہیں، نواز شریف کا علاج پاکستان میں نہیں ہوسکتا تو انہیں باہر جانا چاہئے ویسے بھی وہ مستقل باہر نہیں جارہے ہیں، مریم نواز بھی بیمار ہوجائیں تو انہیں بھی باہر جانے کی اجازت مل جائے گی۔ ولید اقبال نے کہا کہ نواز شریف کو باہر بھیجنے کیلئے سیکیورٹی بانڈز کی شرط قانونی عملداری یقینی بنانے کیلئے ہے، ہائیکورٹس میں نواز شریف کی ضمانت کامعاملہ تھا بیرون ملک جانے کی بات نہیں ہوئی، نواز شریف کے بیرون ملک جانے میں ڈیل کا کوئی عنصر نہیں ہے، جے یو آئی ف نے ابھی تک قانون اور معاہدے کے مطابق احتجاج کیا ہے۔خرم دستگیر خان نے کہا کہ نواز شریف کے بیرون ملک جانے کیلئے سیکیورٹی بانڈز کی شرط سیاسی فیصلہ ہے، وفاقی کابینہ کے فیصلے سے بغض اور کدورت کی بو آرہی ہے۔

تازہ ترین